0
Thursday 25 Aug 2011 07:43

امریکا قرآن کا سب سے بڑا دشمن ہے، امریکا اور نیٹو کی فوجیں افغانستان اور عراق میں ظلم ڈھا رہی ہیں، اسد اللہ بھٹو

امریکا قرآن کا سب سے بڑا دشمن ہے، امریکا اور نیٹو کی فوجیں افغانستان اور عراق میں ظلم ڈھا رہی ہیں، اسد اللہ بھٹو
کراچی:اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان میں بیرونی مداخلت بڑھتی جا رہی ہے، قوم کو مذہب رنگ و نسل اور قومیت کی بنیاد پر تقسیم کیا جا رہا ہے، اس صورتحال میں قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل کرکے ہی اتحاد امت کو قائم رکھا جا سکتا ہے۔ آپریشن مسائل کا حل نہیں، سب جانتے ہیں کہ ٹارگٹ کلرز اور دہشت گرد کون ہیں جو شہر کے امن کو تباہ کر رہے ہیں۔ اس بات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع وسطی کے تحت سیفل گوٹھ نیو کراچی میں عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ قرآن کے نزول نے رمضان کو با برکت بنایا ہے، قرآن اور روزہ کو اللہ اپنی بارگاہ میں شفاعت کا موقع فراہم کرے گا۔ اس لئے قرآن سے ہمیں تلاوت سے بڑھ کر اُس کے نظام کی جدوجہد بھی کرنی ہو گی اور اُس کی روشنی میں اپنے لئے دیانت دار قیادت کو آگے لانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا قرآن کا سب سے بڑا دشمن ہے، یہ امریکا ہی ہے جو مسلمانوں کو دہشت گرد قرار دے رہا ہے، امریکا اور نیٹو کی فوجیں افغانستان، عراق میں ظلم ڈھا رہی ہیں، مگر امریکا کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ وہ طاقت کے بل بوتے پر مٹھی بھر مجاہدین کو شکست نہیں دے سکتا، 10 سال گزرنے کے باوجود امریکا کو افغانستان میں فتح نصیب نہیں ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے، عوام ہی نہیں فوج اور ایجنسیاں بھی جانتی ہیں کہ کراچی کے مسائل کا حل آپریشن نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ روزے کے نتیجے میں نفس کا تذکیہ ہوتا ہے اور نفس کے تذکیے کی وجہ سے ہی بدر کے میدان میں مٹھی بھر مسلمانوں کو کفار کے مقابلے میں فتح نصیب ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی جا بجا بدر کا معرکہ بپا ہے، فلسطین، کشمیر، عراق اور افغانستان میں اس کے مناظر دیکھے جا سکتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 94303
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش