0
Thursday 25 Aug 2011 07:33

عوام اور تاجر برادری حکومت کی بھتہ خوری اور دہشتگردی کے خلاف اقدامات سے مطمئن نہیں، شکیل قادری

عوام اور تاجر برادری حکومت کی بھتہ خوری اور دہشتگردی کے خلاف اقدامات سے مطمئن نہیں، شکیل قادری
کراچی:اسلام ٹائمز۔ سنی تحریک کے مرکزی رہنما محمد شکیل قادری نے کہا ہے کہ بے گناہ عوام کی جان و مال سے آگ و خون کی ہولی کھیلنے والے دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کرنا ہونگے وگرنہ حالات حکومت کے کنٹرول سے باہر ہو جائیں گے۔ عوام اور تاجر برادری حکومت کی بھتہ خوری، دہشت گردی کے خلاف اقدامات سے مطمئن نہیں ہیں۔ لیاری اورنگی ٹاؤن میں دہشت گرد بھتہ خوروں کے خلاف آپریشن کے باوجود آرام باغ میڈیسن مارکیٹ کے دکانداروں کو بھتوں کی پرچی ملنا نہایت افسوس ناک عمل اور لمحہ فکریہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے مرکز اہلسنت پر برنس روڈ، طارق روڈ سے آئے ہوئے معززین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شکیل قادری نے کہا کہ پائیدار قیام امن کیلئے کراچی کی اسٹیک ہولڈر جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کیوں نہیں بلائی جا رہی اُنہوں نے کہا کہ ایسے حالات پیدا نہیں ہونے چاہیے کہ بات حکمرانوں کے بس سے باہر ہو جائے، لہٰذا بہتر ہو گا کہ شہر میں پائیدار قیام امن کے لیے تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیکر ٹارگٹ کلرز، دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن کیا جائے، چاہے وہ کسی بھی جماعت سے تعلق رکھتے ہوں۔
اُنہوں نے کہا کہ عوام جھوٹے دعوؤں اور روز روز کے حکومتی اجلاسوں سے تنگ آ چکے ہیں، بہتر ہو گا کہ وہ عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردوں کے گریبانوں تک قانون کی رسائی کو یقینی بنائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ سنی تحریک قیام امن کے لئے ہر محب وطن قوت سے ہاتھ ملانے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنی تحریک نے درجنوں کارکنان کی لاشیں اٹھانے کے باوجود قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لیا بلکہ انصاف کے حصول کیلئے عدلیہ کے دروازے پر دستک دی۔ حکومت حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے بے گناہ شہید ہونے والے شہریوں کے لواحقین سے رابطے کر کے ان کے زخموں پر مرہم رکھے اور ان کے دکھ و تکلیف کو بانٹنے کیلئے حکومتی سطح پر اقدامات کرے۔ سنی تحریک نے ہمیشہ حکومتی مثبت پالیسیوں کو سراہا ہے اور آئندہ بھی مثبت پالیسیوں کو سپورٹ کریگی۔
خبر کا کوڈ : 94304
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش