QR CodeQR Code

حکمرانوں کو ذہن میں رکھنا چاہیے کہ کشمیر کا سودا ملکی خودمختاری کا سودا ہے، سراج الحق 

12 Jul 2021 21:59

مانسہرہ میں جماعت اسلامی کے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے ملک کو تنہائی کا شکار کیا۔ کشمیر پر پسپائی اختیار کر کے اسے پلیٹ میں رکھ کر بھارت کے حوالے کردیا۔ 


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ جب حکمران سوداگر بن جائیں اور ذاتی مفادات پر قومی ترجیحات قربان ہونے لگیں تو ملکی خودانحصاری کی منزل کا حصول ناممکن ہے، 73 برسوں سے قوم کے ساتھ دھوکہ ہو رہا ہے، سیاسی جماعتیں فیملی کلبز اور ون مین شو بن کر رہ گئی ہیں۔ ہر الیکشن دھاندلی کی نذر ہو جاتا ہے۔ معیشت اور سیاست کو اسلامی اصولوں کے تابع کرنا ہوگا۔ جب تک آئی ایم ایف اور غیرملکی آقاوں سے نجات حاصل کر کے معیشت کو اسلامی نہیں بنایا جاتا ملک قرضوں کے چنگل سے آزادی حاصل نہیں کر سکتا۔ چھوٹے کسان اور دیہاڑی دار مزدور کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد بے روزگاری کے عذاب سے گزر رہی ہے۔ تین سالوں میں ہی پی ٹی آئی کے وعدے، دعوے اور نعرے، سب خاک ہوگئے۔ الیکشن سے زر اور زور کا کلچر ختم ہونا چاہیے۔ پاکستانی قوم ایک زندہ دل قوم ہے، حالات کی درستگی کے لیے خود آگے بڑھنا ہوگا۔ مومن حالات کا شکوہ نہیں کرتا بلکہ انہیں درست کرنے کے لیے جدوجہد کرتاہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع مانسہرہ میں جماعت اسلامی کے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

امیر جماعت نے کہاکہ پی ٹی آئی نے کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے ملک کو تنہائی کا شکار کیا۔ کشمیر پر پسپائی اختیار کر کے اسے پلیٹ میں رکھ کر بھارت کے حوالے کردیا۔ حکمرانوں کو ذہن میں رکھنا چاہیے کہ کشمیر کا سودا ملکی خودمختاری کا سودا ہے، کشمیر کو کنٹرول کر کے بھارت پاکستان کو بنجر بنا دے گا۔ انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ کو متحد ہو کر اپنے مسائل کے حل کے لیے کوشش کرنا ہوگی۔ اس وقت دنیا میں ہر جگہ مسلمان ظلم و تشدد کا نشانہ بن رہے ہیں، اسلامو فوبیا عروج پر ہے، کشمیر و فلسطین کے مسلمان دہائیوں سے ظلم و جبر کی چکی میں پس رہے ہیں مگر عالمی برداری خاموش تماشائی کا کردار اد ا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسلامیان پاکستان کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انشااللہ ایک روز آزادی کا سورج دونوں سرزمینوں پر طلوع ہوگا۔ امیر جماعت نے کہاکہ افغانستان سے امریکہ کی پسپائی افغانیوں کے جذبہ ایمانی کی وجہ سے ممکن ہوئی، ثابت ہوگیا کہ دنیا کی کوئی طاقت مومن کی جرا ت ایمانی کا سامنا نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہاکہ اسلامی دنیا کو اپنے وسائل مسلمانوں کی فلاح و بہبود، ترقی و تعلیم اور غربت کے خاتمے کے لیے صرف کرنے کی ضرورت ہے۔ 

 


خبر کا کوڈ: 943071

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/943071/حکمرانوں-کو-ذہن-میں-رکھنا-چاہیے-کہ-کشمیر-کا-سودا-ملکی-خودمختاری-ہے-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org