QR CodeQR Code

ملک کی 80 فیصد آبادی مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کے مسائل کا شکار ہے، محمد جاوید قصوری

12 Jul 2021 22:36

منصورہ میں جے آئی یوتھ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے امیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تبدیلی کے نام پر عوام سے بلند بانگ دعوے اور وعدے کیے، مگر المیہ یہ ہے کہ موجودہ حکمران سابقین سے بھی بدتر نکلے ہیں۔ انکو ہم عوام کی مشکلات کا ٹھیک طرح سے ادراک ہی نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے منصورہ میں جے آئی یوتھ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان ملک و قوم کا سرمایہ ہیں، ان کو درپیش مسائل فوری حل ہونے چاہیئں۔ تحریک انصاف کی حکومت نے نوجوانوں کو متاثر کرکے ووٹ بینک تو حاصل کر لیا مگر نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے کچھ نہ کرسکی۔ انہوں نے کہا کہ الحمد للہ جماعت اسلامی اس ملک کی واحد جماعت ہے، جس نے نوجوانوں کی اخلاقی اور دینی تربیت کو بخوبی سرانجام دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان کا 60 فیصد نوجوان طبقہ جماعت اسلامی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتا ہے۔ آئندہ انتخابات میں نوجوانوں کو آگے لائیں گے۔ جماعت اسلامی کا نظریہ اور سلوگن جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم سے پاکستان کے نوجوانوں کو متاثر کر رہا ہے۔ ہمارے دروازے ملک بھر کے نوجوانوں کے لیے ہمیشہ کھلے تھے اور کھلے رہیں گے۔

انہوں نے ذمہ داران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ پنجاب میں یوتھ کے اندر کام کے حوالے سے جے آئی یوتھ کی پوری قیادت یکسو ہے اور ہم اسے اچھے اور احسن انداز میں آگے بڑھائیں گے۔ ملک میں بڑی اور حقیقی تبدیلی لانے کے لیے نوجوانوں کو جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا۔ حکمران جونکوں کی طرح غریبوں کا خون چوس رہے ہیں۔ ملک کی 80% آبادی کے بڑے مسئلے مہنگائی، بے روزگاری اور غربت ہیں۔ مہنگائی کا جن عوام کا حشر نشر کرچکا ہے۔ عمران خان نے تبدیلی کے نام پر بلند بانگ دعوے اور وعدے عوام سے کیے، مگر المیہ یہ ہے کہ موجودہ حکمران سابقین سے بھی بدتر نکلے ہیں۔ ان کو ہم عوام کی مشکلات کا ٹھیک طرح سے ادراک ہی نہیں۔ وسائل کے مطابق ہر ضلعی سطح پر نوجوانوں کی صحت مندانہ سرگرمیوں اور تربیتی پروگراموں کا انعقاد ہونا چاہیئے۔ ہم نوجوانوں کو سماجی اور تعلیمی امور اور دیگر میدانوں میں آگے لانے کے لیے مواقع فراہم کرتے رہیں گے۔


خبر کا کوڈ: 943077

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/943077/ملک-کی-80-فیصد-ا-بادی-مہنگائی-بے-روزگاری-اور-غربت-کے-مسائل-کا-شکار-ہے-محمد-جاوید-قصوری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org