QR CodeQR Code

آزاد کشمیر انتخابات، عوامی فیصلہ تحریک انصاف کے حق میں آئیگا، چودھری محمد سرور

12 Jul 2021 22:46

ساہیوال میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ ماضی کے حکمرانوں کے عوام دشمن فیصلوں کیوجہ سے پاکستان کو معاشی سمیت تمام شعبوں میں بدترین مسائل کا سامنا رہا ہے اور تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے عملی اقدامات کئے۔


اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ تحریک انصاف پہلے سے زیادہ مضبوط سیاسی قوت بن چکی ہے، مخالفین عوام میں اپنا اعتماد کھوچکے ہیں۔ انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن کی رکاوٹیں جمہوریت کی نفی ہے، ہم ایسے شفاف انتخابات چاہتے ہیں، جن پر ہارنے والا بھی انگلی نہ اٹھا سکے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کسی سیاسی اور ذاتی ایجنڈے پر نہیں بلکہ ملک کے مستقبل کو محفوظ اور مستحکم بنانے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ کامیاب نوجوان، احساس پروگرام اور صحت انصاف کارڈ سمیت حکومت کے تمام منصوبوں کا مقصد کمزور طبقے کو اوپر لے کر آنا اور ان کو صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔ وہ دورہ ساہیوال کے دوران سپیشل ایجوکیشن سنٹر کا افتتاح اور راوی بیراج ہڑپہ کے دورہ سمیت دیگر تقریبات سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے مرکزی رکن رائے حسن نواز، اوور سیز کمیشن پنجاب کے وائس چیئرمین محمد وسیم رامے سمیت دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے میڈیا کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اگر پاکستان میں انتخابی عمل کو شفاف بنانے میں سنجیدہ ہے تو پھر وہ انتخابی اصلاحات کے معاملے پر حکومت کا ساتھ کیوں نہیں دیتی؟ بدقسمتی سے اپوزیشن ملک اور عوامی مفادات کے تحفظ کی بجائے سیاسی اور ذاتی مفادات کو ترجیح دیتی ہے اور ہر معاملے میں ان کا ایجنڈہ صرف اور صرف سیاسی دکانداری چمکانا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے، اپوزیشن انتخابی اصلاحات کے معاملے پر حکومت کا ساتھ دے، تاکہ 2023ء کے انتخابات پر کوئی بھی انگلی نہ اٹھا سکے۔
چودھری محمد سرور نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے بارے میں الیکشن کمیشن سمیت تمام ادارے اپنی ذمہ داری پوری کر رہے ہیں اور ان شاء اللہ وہاں شفاف انتخابات ہوں گے اور اپوزیشن سمیت سب کو آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج کو تسلیم کر نا چاہیئے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں بھی عوامی فیصلہ تحریک انصاف کے حق میں ہی آئے گا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کے عوام دشمن فیصلوں کی وجہ سے پاکستان کو معاشی سمیت تمام شعبوں میں بدترین مسائل کا سامنا رہا ہے اور تحریک انصاف نے اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے عملی اقدامات کیے ہیں، مگر آج بھی اپوزیشن جماعتیں ملکی ترقی اور خوشحالی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کیلئے منفی پراپیگنڈا کر رہی ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی اور استحکام کو آج تمام عالمی معاشی ادارے بھی تسلیم کر رہے ہیں۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ صوبائی حکومت پنجاب کے کونے کونے میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 943081

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/943081/ا-زاد-کشمیر-انتخابات-عوامی-فیصلہ-تحریک-انصاف-کے-حق-میں-ا-ئیگا-چودھری-محمد-سرور

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org