QR CodeQR Code

عافیہ صدیقی کو ہر 3 ماہ بعد قونصل رسائی ملتی ہے، علی محمد خان

13 Jul 2021 01:30

خطے کی صورتحال پر وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان کے دور میں کوئی ڈرون حملہ یا ابیٹ آباد آپریشن نہیں ہوا، افغانستان میں امن کا مطلب پورے خطے میں امن ہے اور پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے ہندوستان ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا ہے کہ عافیہ صدیقی کو ہر 3 ماہ بعد قونصل رسائی ملتی ہے، ان کی رہائی لیے کوششیں کر رہے ہیں ہم اپنی بات سے پھرے نہیں، نیت پر شک نہ کیا جائے۔ یہ بات انہوں نے سینیٹ کے اجلاس میں بیان دیتے ہوئے کہی۔ ایوان بالا کے اجلاس میں وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ وزارت خارجہ نے امریکی جیل میں قید عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے سنجیدہ کوششیں کیں، حکومت قائم ہوتے ہی عافیہ صدیقی سے رابطے کی کوششیں کیں اور اب تو عافیہ صدیقی نے رحم کی اپیل پر بھی دستخط کر دیے ہیں تاہم پہلے وہ رحم کی اپیل پر دستخط کرنے سے انکاری تھیں۔

علی محمد خان نے کہا کہ عافیہ صدیقی کو ہر تین ماہ بعد قونصل رسائی ملتی ہے، آخری قونصل رسائی 27 مئی کو ملی، یہ نہ کہا جائے کہ ہم اپنی باتوں سے پھر گئے، ہماری کوششیں کم ہو سکتی ہیں لیکن نیت پر شک نہ کریں، ہماری مجبوری ہے کہ عافیہ غیر ملک میں ہیں، حکومت عافیہ کے معاملے میں بالکل بےفکر نہیں ہیں۔ خطے کی صورتحال پر وزیر مملکت علی محمد خان نے کہا کہ عمران خان کے دور میں کوئی ڈرون حملہ یا ابیٹ آباد آپریشن نہیں ہوا، افغانستان میں امن کا مطلب پورے خطے میں امن ہے اور پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے ہندوستان ہے، دہشت گردی کی جنگ انشاء اللہ ہم جیتیں گے۔ وزیر مملکت علی محمد خان نے مزید کہا کہ ناراض بلوچوں سے بات کی جائے گی، شیعہ سنی کے مابین غلط فہمی کو ختم کرنا ہوگا، وزیراعظم نے واضح کیا کہ جس کو سیکیورٹی تھریٹ ہے اس کو سیکورٹی واپس کی جائے گی۔


خبر کا کوڈ: 943114

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/943114/عافیہ-صدیقی-کو-ہر-3-ماہ-بعد-قونصل-رسائی-ملتی-ہے-علی-محمد-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org