0
Tuesday 13 Jul 2021 23:30
پاکستان افغانستان میں امن کا حامی ہے

عوام نے احتیاط نہ کی تو سخت لاک ڈاون کے سوا کوئی حل نہیں ہوگا، چودھری محمد سرور

اپوزیشن حکومت پر تنقید کے بجائے اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرے
عوام نے احتیاط نہ کی تو سخت لاک ڈاون کے سوا کوئی حل نہیں ہوگا، چودھری محمد سرور
اسلام ٹائمز۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ماضی کا حصہ بن چکی ہے، ہمیں اپوزیشن سے نہیں بلکہ اپوزیشن کو خود اپنی پالیسیوں سے خطرہ ہے۔ کشمیریوں کا سفیر کوئی اور نہیں وزیراعظم عمران خان ہے۔ ان شاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیریوں کو بھارتی افواج کی دہشت گردی سے نجات اور آزادی ملے گی۔ اپوزیشن وقت سے پہلے ہی آزاد کشمیر کے انتخابات میں شور مچا رہی ہے، کیونکہ ان کو  آزاد کشمیر کے انتخابات میں واضح شکست نظر آرہی ہے۔ عوام اگر لاپروائی کا مظاہرہ کریں گے تو عید کے موقع پر حکومتی اداروں کے پاس لاک ڈاﺅن کے سوا کوئی آپشن نہیں ہوگا۔ پاکستان آج بھی افغانستان میں امن کا حامی ہے اور اس کے لیے ہم اپنا ہرکردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ وہ گریٹر اقبال پارک لاہور میں نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام اپوزیشن کا ساتھ دینے کے لیے تیار نہیں تو اپوزیشن اس بات کا غصہ حکومت پر کیوں نکال رہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چاہیئے کہ وہ حکومت پر تنقید کی بجائے اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرے، کیونکہ آزاد کشمیر میں الیکشن کون سی جماعت جیتے گی، اس کا فیصلہ کشمیری عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے کرنا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ عوام وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف کی پالیسیوں کے ساتھ ہی کھڑی ہوگی۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ بھارت کی کشمیر میں بدترین دہشت گردی کے خلاف وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے جتنی آواز بلند کی ہے، اس کی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ، ٹرمپ کے ساتھ ملاقات اور او آئی سمیت ہر فورم پر کشمیر کا سچا وکیل اور پکا سفیر بن کر مقدمہ لڑتے ہوئے مودی کی انتہاء پسندانہ ہندوتوا کے فلسفے پر مبنی سوچ کو بے نقاب کیا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ آج اگر مغربی میڈیا مودی کی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کر رہا ہے تو اس میں بھی عمران خان کی جدوجہد شامل ہے۔

گورنر پنجاب نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں پہلے دن سے کہہ رہا ہوں کہ اپوزیشن جماعتوں میں ہر ایک کا اپنا اپنا بیانیہ ہے اور وہ صرف اپنی کرپشن کو بچانے کی جدوجہد کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو ان سے پہلے کوئی خطرہ رہا ہے اور نہ ہی اب ہمیں ان سے کوئی خطرہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ تحریک انصاف کی حکومت آئینی مدت پوری کرے گی اور الیکشن 2023ء میں ہی ہوں گے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کورونا کی نئی لہر میں بھی شدت آرہی ہے، اس لیے کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنیوالے نہ صرف خود کورونا کا شکار ہوں گے بلکہ دوسروں کی زندگیوں کو بھی خطروں میں ڈالیں گے، اس لیے سب کو کورونا ایس اوپیز پر مکمل عمل کرنا ہوگا، ورنہ حکومت کے پاس عید پر سخت لاک ڈاﺅن کے سوا کوئی آپشن نہیں ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 943306
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش