0
Wednesday 14 Jul 2021 01:18

کشمیر کا مقدمہ ہارنے والے عمران خان کمزور ہی نہیں بزدل بھی ہیں، مریم نواز

کشمیر کا مقدمہ ہارنے والے عمران خان کمزور ہی نہیں بزدل بھی ہیں، مریم نواز
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کشمیر کا مقدمہ ہار کر آگئے اور کہتے ہیں میں کیا کروں؟ مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ کمزور نہیں بلکہ کمزور تو عمران خان ہیں جو نہ صرف کمزور ہیں بلکہ بزدل بھی ہیں۔ کوٹلی آزاد کشمیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آج یوم شہدا ہے اور ہم شہداء کی قربانیوں کو کشمیر فروش عمران خان کے ہاتھوں ضائع نہیں ہونے دیں گے، عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کو مودی کی جھولی میں پھینک دیا، عمران خان کشمیر دینے کے بعد ڈھٹائی سے یہاں ووٹ مانگنے آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کشمیر کا مقدمہ ہار کر آگیا اور کہتا ہے میں کیا کروں؟ مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ کمزور نہیں ہے، کمزور ہیں تو عمران خان ہیں وہ نہ صرف کمزور ہیں بلکہ نہایت بزدل بھی ہیں جو مقدمہ ہار کر کہتا ہے کہ صرف دو منٹ کی خاموشی اختیار کرو، پھر کہتے ہیں ہفتے میں ایک بار سوگ منایا کریں گے، سوگ تو آپ کے سلیکٹرز کو منانا چاہیے، عوام کیوں منائیں؟۔

مریم نواز نے کہا کہ کیا نواز شریف کے دور میں بھارت کو یہ جرات ہوئی کہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرے؟ آخر عمران خان کے دور میں ہی بھارت نے کشمیر کو ترنوالہ کیوں سمجھ لیا؟ عمران خان یہاں اپنا وزیراعظم اس لیے لانا چاہتا ہے کیونکہ وہ اسے صوبہ بنانا چاہتا ہے، آپ کشمیر کو صوبہ بنا کر کشمیریوں کی شناخت چھیننا چاہتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں مہنگائی کم تھی آج چینی اور تیل کی قیمتیں آسمان پر ہیں، بجلی دو روپے فی یونٹ تھی آج بجلی بھی بہت مہنگی ہے اور وہ بھی نہیں ملتی، عوام کے پاس جاتی ہوں تو ایک ہی نعرہ سننے کو ملتا ہے گو عمران خان گو۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ شیر پر مہر لگانے کے لیے 25 جولائی کو کوئی بھی گھر نہیں بیٹھے، لوگ اپنے ووٹ کو چوری کرنے کی اجازت نہیں دیں ورنہ ووٹ چور آجائیں گے، عمران خان اگر تم نے کشمیر کا ووٹ چوری کیا تو کشمیری اپنے حق کے لیے آخر تک جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جتنی بڑی تعدا میں آپ لوگ جلسے میں آئے ہیں اتنی تعداد میں شیر کو ووٹ دیا تو حکومت ن لیگ کی ہوگی، عمران خان کے وزراء کس منہ سے کشمیر میں جیت کا دعویٰ کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 943309
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش