0
Wednesday 14 Jul 2021 22:35
تل ابیب میں اماراتی سفارتخانے کا افتتاح

امارات سمیت تمام اسرائیل دوست عرب ممالک صیہونی جرائم میں برابر کے شریک ہیں، فلسطینی مزاحمتی محاذ

امارات سمیت تمام اسرائیل دوست عرب ممالک صیہونی جرائم میں برابر کے شریک ہیں، فلسطینی مزاحمتی محاذ
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی محاذ کی جانب سے آج بدھ کے روز تل ابیب میں اماراتی سفارتخانے کے افتتاح کے خلاف مذمتی بیان جاری کیا گیا ہے۔ فلسطینی مزاحمتی محاذ نے اپنے مذمتی بیان میں تاکید کی ہے کہ متحدہ عرب امارات کا یہ اقدام فلسطینی قوم اور امت مسلمہ کے حق میں انجام پانے والی اس کی "عظیم غلطی" پر مبنی ایک گھناؤنا قدم ہے۔ فلسطین الیوم کے مطابق فلسطینی مزاحمتی محاذ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ غاصب و بچوں کی قاتل صیہونی رژیم کے ساتھ علی الاعلان ذلت آمیز دوستانہ تعلقات کی استواری؛ فلسطینی سرزمین پر انجام پانے والے تمام صیہونی جرائم میں شرکت کے مترادف ہے جبکہ امارات کے اس گھناؤنے اقدام کا مقصد صرف اور صرف اسرائیل کی بے لوث خدمت اور ہماری سرزمین و مقدس مقامات کے خلاف اس کے جرائم کو جواز بخشنا ہے۔

فلسطینی مزاحمتی محاذ نے اپنے بیان میں تاکید کی کہ غاصب و بچوں کی قاتل صیہونی رژیم کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے والے عرب ممالک نے نہ صرف امت مسلمہ کی محنتوں پر پانی پھیر دیا ہے بلکہ وہ امت مسلمہ کے حقوق و اصول کے بدلے غاصب صیہونی رژیم کو جواز فراہم کر کے اس کے تمام جرائم میں بھی برابر کے شریک بن چکے ہیں۔ اس بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ یہ اقدام فلسطینی قوم کے خلاف مسلسل جارحیت میں منحوس شراکتداری ہے جبکہ متحدہ عرب امارات اس شرارت کے بانیوں میں سے ہے۔ فلسطینی مزاحمتی محاذ نے کہا کہ یہ اقدام آزاد اقوام کی جانب سے ہرگز نہیں اٹھایا گیا درحالیکہ عرب دنیا کے اس جدید ذلت آمیز و خیانت کارانہ اقدام کا نہ صرف ایک وسیع عوامی تحریک کے ذریعے خاتمہ کر دیا جانا چاہئے بلکہ غاصب صیہونی رژیم کو ہی امت مسلمہ کے واحد دشمن کے طور پر شناخت بھی کر لیا جانا چاہئے۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے آج اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں اپنے سفارتخانے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے جس کی افتتاحی تقریب میں صیہونی صدر اور وزیر خارجہ نے بھی شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 943434
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش