0
Wednesday 14 Jul 2021 23:23

امریکہ کی شکست پر افغان عوام مبارکباد کے مستحق ہیں، سراج الحق

امریکہ کی شکست پر افغان عوام مبارکباد کے مستحق ہیں، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے بلوچستان کی محرومیوں میں مزید اضافہ کیا۔مہنگائی، غربت اور بے روزگاری نے صوبہ کے طول و عرض میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں، حکمران طبقہ عیاشیوں میں مصروف، لوگوں کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں، مسلسل مطالبہ کر رہا ہوں صوبہ کے وسائل صوبے کی عوام پر خرچ کیے جائیں۔ اب تک اعلان کیے گئے بلوچستان پیکجز صرف کاغذوں تک محدود رہے۔ زبانی جمع خرچ سے مزید کام نہیں چلے گا، عملی اقدامات کیے جائیں۔ صوبے میں سیکیورٹی صورتحال بڑا چیلنج ہے، بھارت پاکستان کے حالاب خراب کرنے پر تلا ہوا ہے، چیلنج سے نمٹنے کے لیے موثر حکمت عملی تشکیل دی جائے۔ امریکہ کی شکست پر افغان عوام مبارکباد کے مستحق ہیں۔ افغانستان میں پرامن مستحکم اسلامی حکومت کا قیام وقت کی ضرورت اور پاکستان سمیت خطے میں امن اور ترقی کی ضمانت ہے۔ افغانستان میں قیام امن اور مستحکم حکومت کے قیام کے لیے افغان عوام مذاکرات کریں۔ افغانستان میں امن کے قیام کے لیے تمام کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، غیرملکی طاقتیں افغانستان میں مزید مداخلت سے باز رہیں، ماضی کے حکمرانوں کی طرح پی ٹی آئی نے بھی غربت زدہ اور پسماندہ علاقوں کی بہتری پر کوئی توجہ نہیں دی، تین سال گزر گئے عوام کا وقت ضائع کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب مزید حیلے تراشیوں اور لفظی بیان بازی کا وقت گزر گیا، عوام حکمرانوں کا اصلی چہرہ پہچان گئے ہیں۔ سرداروں، وڈیروں، جاگیرداروں، سرمایہ داروں کو گھر بھیجنا ہوگا۔ مڈل کلاس طبقہ، پڑھے لکھے لوگ، مزدور کسان آگے بڑھیں، عوام کو کسی سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں، اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور ملک میں قرآن و سنت کے نظام کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد کا ساتھ دو۔ میرا ایمان ہے ملک میں اسلامی نظام رائج ہو گا تو سب مسائل ختم ہو جائیں گے۔ صرف جماعت اسلامی ہی ملک کو حقیقی اسلامی فلاحی مملکت بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ وعدہ کرتا ہوں اقتدار میں آ کر بلوچستان کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے خانوزئی ضلع پشین بلوچستان میں اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ امیر صوبہ بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی، صوبائی سیکرٹری جنرل ہدایت الرحمن بلوچ، مشتاق احمد خان، نائب امرا صوبہ مولانا عبدالکبیر شاکر، زاہد اختر بلوچ، ڈاکٹر عطاءالرحمن و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ قبل ازیں امیر جماعت بلوچستان کی قیادت کے ہمراہ مسلم باغ میں پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے رہنما عثمان خان کاکڑ مرحوم کی رہائش گاہ پہنچے جہاں انہوں نے ان کی مغفرت کے لیے فاتحہ خوانی اور مرحوم کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔
خبر کا کوڈ : 943446
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش