QR CodeQR Code

گورنر راج کی بات کرکے عامر خان ذہنی پسماندگی کا ثبوت دے رہے ہیں، ناصر حسین شاہ

14 Jul 2021 23:40

عامر خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ کراچی کو ایم کیو ایم نے تباہ کیا، ایم کیو ایم کے لوگوں کو چاہیئے کہ کسی درگاہ پر بیٹھ کر اپنے گناہوں کی معافی مانگیں، ایم کیو ایم کو پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت فوبیا ہوگیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ کا ایم کیو ایم کے عامر خان کے بیان سے متعلق کہنا ہے کہ عامر خان کے دماغ کا معائنہ ہونا چاہیئے، عامر خان گورنر راج کے نفاذ کی بات کرکے اپنی ذہنی پسماندگی کا ثبوت دے رہے ہیں۔ سید ناصر حسین شاہ نے عامر خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو جب سے کراچی کے عوام نے مسترد کیا ہے ان لوگوں کی دماغی حالت ٹھیک نہیں، یہ ان کی دماغی حالت صرف مسترد ہونے سے نہیں ہوئی بلکہ ان کو گناہوں کی سزا ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ  عامر خان بھٹو صاحب کی 1971ء والی بے بنیاد بات کو آج یاد کر رہے ہیں، یہ ریکارڈ کی بات ہے کہ عباس اطہر مرحوم نے یہ بات واضح کی تھی کہ اِدھر تم اُدھر ہم والی بات شہید بھٹو نے نہیں کی تھی۔

انہوں نے  عامر خان کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ آپ برائے مہربانی اپنی ذہنی بیماری کا علاج کرائیں اور نفرت کا چشمہ اتاریں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی پرانی یادداشت واپس آئی ہے، ایم کیو ایم کو یاد رکھنا چاہیئے کہ پاکستان کی سلامتی کی خاطر کراچی کی عوام نے دہشت گردوں سے جان چھڑائی۔ سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ ہم کراچی کی خدمت کر رہے ہیں اور اس شہر کو ایم کیو ایم نے تباہ کیا، ایم کیو ایم کے لوگوں کو چاہیئے کہ کسی درگاہ پر بیٹھ کر اپنے گناہوں کی معافی مانگیں، ایم کیو ایم کو پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت فوبیا ہوگیا ہے، اب ان کو ٹھنڈے پسینے آتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھ اکہ ایم کیو ایم کے دوستوں کو کہوں گا کہ خدا کا خوف کریں، حقیقت پسند بنیں، یہ اندرون سندھ اور بیرون سندھ کی بات کرکے نفرت کی سیاست نہ کریں۔


خبر کا کوڈ: 943452

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/943452/گورنر-راج-کی-بات-کرکے-عامر-خان-ذہنی-پسماندگی-کا-ثبوت-دے-رہے-ہیں-ناصر-حسین-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org