0
Thursday 15 Jul 2021 21:37

ازبکستان سے پشاور تک ریلوے منصوبہ مکمل کرنے کی کوشش کرینگے، عمران خان

ازبکستان سے پشاور تک ریلوے منصوبہ مکمل کرنے کی کوشش کرینگے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان نے ازبکستان سے پشاور تک ریلوے منصوبے کو مکمل کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مربوط ہوں گے۔ ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں دو طرفہ معاہدوں پر دستخط کے بعد ازبک صدر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم سب ایک مقصد پر ہیں، مجھے معلوم ہے کہ آپ تعلیم اور لوگوں کو موجودہ معاشی حالات سے نکالنے کے لیے توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس جیو اسٹریٹجک سے جیو اکنامک کی طرف تبدیلی پر زور دینے کا وقت ہے، منصوبہ یہی ہے کہ دولت پیدا کی جائے، اگر دولت پیدا ہوئی تو ہم اپنے معاشرے کے غریب لوگوں کو اوپر اٹھا سکیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ اب ہمارے لیے یہ بہت ضروری ہوگیا ہے کہ ہم ازبکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات قائم کریں، جو وسطی ایشیاء کا سب سے بڑا ملک ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ اس سے ہم دونوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان دونوں کے لئے اپنے تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بڑا اہم موقع ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت بڑھانے کے لیے پاکستان کی دلچسپی ہے اور اسی لیے اب تک کا سب سے بڑا تجارتی وفد آج یہاں آیا ہے اور جب میں روانہ ہو رہا تھا تو مجھے پیغامات موصول ہو رہے تھے اور یہ وفد مزید بڑا ہوتا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان ان شاء اللہ بڑا مضبوط آغاز ہوگا اور ہم سجھتے ہیں کہ اسے دو طرفہ فائدہ ہوگا، ہم نے تجارتی تعلقات بڑھانے کے لیے باہمی یاد داشت پر دستخط کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم زراعت میں مدد کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ آپ زرعی پیداوار بڑھا رہے ہیں اور پاکستان بھی بہتری لا رہا ہے، کیونکہ بنیادی طور پر ایک زرعی ملک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے آپ سے مدد چاہتے ہیں، ازبکستان کو پاکستان کے ذریعے بڑی مارکیٹ تک رسائی ہوگی اور ایک روز جب بھارت کے ساتھ ہمارے تعلقات بحال ہوں گے تو بھارت تک بھی رسائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح پاکستان کو ازبکستان، وسطی ایشیاء اور اسے بڑھ کر رسائی حاصل ہوگی، دونوں ممالک کے درمیان بڑے اہم تعلقات ہیں۔ عمران خان نے کہا کہ دونوں ممالک نے فضائی رابطے بڑھانے کے لیے پروازوں کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے اور زمینی رابطوں کے لیے ہم نے تجربہ کیا ہے کہ طورخم بارڈر سے ٹرک دو دن میں ازبکستان پہنچا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ازبکستان کے شہر مزارع شریف سے پشاور تک ریل سروس کے منصوبہ پر ہم سب پرجوش ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ اگر یہ ریلوے لائن بچھ گئی تو یہ سب کچھ تبدیل کرکے رکھ دی گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان رابطہ بہتر ہوگا اور اشیاء کی ترسیل میں بھی بہتری ہوگی اور میں صدر شوکت کو یقین دلاتا ہوں کہ میں اور میری حکومت اس زبردست منصوبے کے لیے ہر ممکنہ کوشش بروئے کار لائے گی۔
خبر کا کوڈ : 943585
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش