QR CodeQR Code

پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ کیخلاف بھرپور مزاحمت کرینگے، مشتاق خان

15 Jul 2021 23:02

المرکز اسلامی پشاور سے جاری ایک بیان میں جماعت اسلامی کے صوبائی امیر کا کہنا تھا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ سے موت مزید سستی ہوجائے گی، وزیراعظم حکومت میں موجود اپنے دوستوں اور مافیا کو خوب نواز رہے ہیں۔ کرپشن برداشت نہ کرنے کا کہنے والوں نے کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ قابلِ مذمت ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ تسلیم نہیں کریں گے، اضافے کے خلاف بھرپور احتجاج اور مزاحمت کریں گے۔ حکومت نے ہر چیز مہنگی کردی ہے، دواؤں کی قیمتوں میں بھی اضافہ کرکے انہیں غریب عوام کی پہنچ سے دور کردیا ہے۔ ہوشربا مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ حکومت ہوش کے ناخن لے اور مہنگائی کو کم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے۔ بصورت دیگر عوام کو سڑکوں پر لے آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کئے گئے بیان میں کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ ابھی عوام بجٹ کے جھٹکوں سے نہیں سنبھلے تھے کہ اب تیل اور ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے آفٹر شاکس کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔

مشتاق خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے انتخابات سے قبل کہا تھا کہ میں ان کو نہیں چھوڑوں گا، میں ان کو رلاؤں گا کو سچ ثابت کردیا ہے۔ وزیراعظم عوام کی جان نہیں چھوڑ رہے اور عوام ان کے بدترین اقدامات کی وجہ سے رونے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ سے موت مزید سستی ہوجائے گی، وزیراعظم حکومت میں موجود اپنے دوستوں اور مافیا کو خوب نواز رہے ہیں۔ کرپشن برداشت نہ کرنے کا کہنے والوں نے کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ کرپشن کے خلاف جنگ کے نام پر حکمران عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کی سمری اور ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔ مہنگائی کے خلاف عوام کو منظم کریں گے اور بھرپور احتجاج کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 943595

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/943595/پیٹرولیم-قیمتوں-میں-اضافہ-کیخلاف-بھرپور-مزاحمت-کرینگے-مشتاق-خان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org