0
Thursday 15 Jul 2021 23:50

حکمرانوں نے غریبوں کو ریلیف نہیں دیا تو اسکے منفی نتائج بر آمد ہونگے، ثروت اعجاز قادری

حکمرانوں نے غریبوں کو ریلیف نہیں دیا تو اسکے منفی نتائج بر آمد ہونگے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ غریبوں پر ظلم ہے، عوام کو ریلیف دینے کی بجائے مہنگائی ہو رہی ہے، غریب سے جینے کا حق چھینا جا رہا ہے، حکومت کی عوام دشمن پالیسیاں کسی طور بھی معیشت کو مستحکم نہیں کرسکتیں، محسوس ہوتا ہے کہ ملک کو معاشی طور پر آئی ایم ایف چلا رہا ہے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ملک کی تاریخ کی بلند ترین مہنگائی نے غربت میں اضافہ کر دیا ہے، حکمران طبقہ معاشی استحکام کی بہتری کے دعویٰ کرتا نہیں تھک رہا، ایسے حالات نہ پیدا کئے جائیں کہ عوام مہنگائی سے پریشان ہو کر سڑکوں پر نکل آئیں۔ انہوں نے کہا کہ چند روز قبل روزمرہ استعمال ہونے والی اشیاء گھی، چینی دودھ، سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، اب پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا، جس سے مزید مہنگائی میں اضافہ ہوگا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ اوگرا کو ختم کرکے پارلیمنٹ پیٹرولیم قیمتوں کا تعین کرے، جو مہنگائی اور پیٹرول کی قیمتوں کو مستحکم رکھے، عالمی سطح پر پیٹرول کی قیمتیں کم ہوتی ہیں تو پاکستان میں کم نہیں کی جاتی، جبکہ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کیلئے کوئی طریقہ یا فارمولا استعمال کرکے پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کر دی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیسی جمہوریت ہے جس میں غریب سے آخری لقمہ تک چھینا جا رہا ہے، حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہیں لئے اور غریبوں کو ریلیف نہیں دیا تو اس کے منفی نتائج بر آمد ہونگے، حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرکے مہنگائی کو ختم کر کے معیشت کو مستحکم بنائے اور غریبوں کو ریلیف دے۔
خبر کا کوڈ : 943613
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش