QR CodeQR Code

دین در حقیقت دنیاوی اور دینی معاملات میں اعتدال کا نام ہے، علامہ تطہیر زیدی

16 Jul 2021 18:21

لاہور میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب میں ممتاز عالم دین کا کہنا تھا کہ دین کے نام پر دنیا کو چھوڑ دینا بھی ٹھیک نہیں اور دنیا کیلئے دین کو ترک کرنا بھی خسارے کا باعث ہے، فرمانِ معصومؑ ہے کہ جو دنیا کیلئے دین کو چھوڑ دے وہ ہم میں سے نہیں، رزقِ حلال کیلئے محنت کرنا دنیا طلبی نہیں بلکہ عبادت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جامع علی مسجد جامعتہ المنتظر لاہور میں مولانا سید تطہیر حسین زیدی نے خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کہا کہ دین در حقیقت دنیاوی اور دینی معاملات میں اعتدال کا نام ہے، دین کے نام پر دنیا کو چھوڑ دینا بھی ٹھیک نہیں اور دنیا کیلئے دین کو ترک کرنا بھی خسارے کا باعث ہے، فرمانِ معصومؑ ہے کہ جو دنیا کیلئے دین کو چھوڑ دے وہ ہم میں سے نہیں، رزقِ حلال کیلئے محنت کرنا دنیا طلبی نہیں بلکہ عبادت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہ ذی الحجہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے۔ اس واقعہ میں بہت عبرتیں ہیں جن میں سب سے اہم سبق اور عبرت اللہ کی محبت میں اپنی عزیز ترین رشتے بیٹے کی محبت کو قربان کرنا ہے۔ عزیز ترین بیٹے کی گردن پر اللہ کی محبت میں چھری چلانا سخت ترین امتحان تھا جس میں خلیلِ خدا کامیاب ہوئے۔ اس واقعہ کا ایک اہم پہلو شیطان اور اس کے حربوں کو پہچاننا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شیطان نے اللہ کے نبی کو بہکانے کی کوشش کی لیکن حضرت ابراہیم ؑ نے لاحول ولا قوة الا باللہ العلی العظیم کے ذکر سے اسے بھگا دیا۔ نیکی میں جب بھی تاخیر و سستی کے خیالات دل میں آئیں تو یہ شیطان کی طرف سے ہوں گے۔ نماز کے وقت سستی ہو یا دیگر کسی اچھائی کے بجا لانے میں تاخیر، یہ شیطانی وسوسہ ہوتا ہے جسے لاحول ولا قوہ پڑھ کر ختم کیا جائے۔ نیکی کا خیال اور عمل کی توفیق اللہ کی طرف سے ہوتی ہے جس میں تاخیر نہیں کرنا چاہئے۔مولانا تطہیر زیدی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ انسان کے نفس، روح کی اصلاح چاہتا ہے۔انسان کو جسم اور روح کا مرکب بنایا گیا ہے۔ جسم کا خیال رکھنے کیساتھ ساتھ روح کی تربیت و تقویت بھی لازم ہے۔ اس کیلئے عبادات بہترین طریقہ ہیں۔ واجبات کے علاوہ بہت سے کام اس کیلئے قرار دیئے گئے۔ کئی راتیں ایسی ہیں جن میں روح کی تقویت ہوتی ہے جیسے شبِ جمعہ، شبِ قدر اور شبِ عاشور۔ اسی طرح کئی مہینے مخصوص کئے گئے ہیں جن میںرجب، شعبان، رمضان سرِ فہرست ہیں۔


خبر کا کوڈ: 943737

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/943737/دین-حقیقت-دنیاوی-اور-دینی-معاملات-میں-اعتدال-کا-نام-ہے-علامہ-تطہیر-زیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org