QR CodeQR Code

علامہ مقصود ڈومکی کی سربراہی میں ایم ڈبلیو ایم وفد کی نئے گورنر بلوچستان سے ملاقات

16 Jul 2021 22:27

ملاقات کے دوران علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ جس طرح پاک ترک، اسکول پاک عرب اسکول اور برٹش و امریکن اسکولز اس ملک میں اپنی تعلیمی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں، اسی طرح پاک ایران اسکولز کو بھی قواعد و ضوابط کے تحت اپنی تعلیمی خدمات جاری رکھنے کی اجازت ہونی چاہیئے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی اور رکن شوریٰ عالی علامہ سید ہاشم موسوی کی قیادت میں ایک وفد نے گورنر بلوچستان سید ظہور آغا سے ملاقات کی اور انہیں گورنر بلوچستان کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مسلسل سانحات کے پیش نظر مجرموں کا تعاقب ضروری ہے، دہشت گردی کے سانحات میں ملوث مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے گورنر کو بتایا کہ ہماری کئی مساجد مدارس اور شخصیات کی سیکورٹی کلوز کی گئی ہے جس پر ہمیں شدید تشویش ہے، سیکورٹی خدشات کے پیش نظر ہماری مساجد مدارس اور علماء کی سیکورٹی بحال کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان محب وطن جماعت ہے جو ملک میں امن و اتحاد کے فروغ کے لئے مصروف عمل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  محرم الحرام کے دوران قیام امن کے سلسلے میں ہمارا حکومت اور ریاستی اداروں سے مکمل تعاون رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسکول فروغ تعلیم کا مرکز ہوتے ہیں، جس طرح پاک ترک، اسکول پاک عرب اسکول اور برٹش و امریکن اسکولز اس ملک میں اپنی تعلیمی سرگرمیاں انجام دے رہے ہیں، اسی طرح پاک ایران اسکولز کو بھی قواعد و ضوابط کے تحت اپنی تعلیمی خدمات جاری رکھنے کی اجازت ہونی چاہیئے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ دہشت گردی کے سانحات میں ہمارے دو ہزار معصوم شہری شہید ہوئے ان کے قاتلوں کو بے نقاب کرنے کے لئے عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ خدمت و فلاح انسانیت کے جذبے کے تحت ہم اجتماعی شادیوں کی تقریب منعقد کر رہے ہیں، جس میں شرکت کے لئے گورنر بلوچستان کو خصوصی طور پر دعوت دی گئی۔ 

ملاقات کے دوران گورنر بلوچستان سید ظہور آغا نے کہا کہ ہزارہ قبیلہ اور اہل تشیع محب وطن ہیں اور اس ملک کے لئے ان کی قربانیاں لائق تحسین ہیں، دہشت گردی کے مختلف سانحات میں ہم آپ کے غم میں شریک رہے، جلد ہی ایک اعلیٰ سطحی اجلاس بلاکر آپ کے مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسکولز کی طرف سے فروغ تعلیم کی کوشش قابل تعریف ہے، مگر ان اسکولوں میں حکومت پاکستان کا منظور شدہ نصاب تعلیم پڑھایا جائے۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے گورنر بلوچستان کو امام زین العابدین علیہ السلام کی دعاؤں کی کتاب صحیفہ سجادیہ اور عالم اسلام کے ممتاز عالم دین علامہ جلال الدین سیوطی کی معرکہ الآرا کتاب احیاء المیت فی فضائل اہل البیت علیہم السلام کا تحفہ پیش کیا۔ ملاقات میں مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی رہنما علامہ شیخ ولایت حسین جعفری، آغا سہیل اکبر، پیر سید احسان علی شاہ دوپاسی، رجب علی کربلائی و دیگر موجود تھے۔


خبر کا کوڈ: 943798

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/943798/علامہ-مقصود-ڈومکی-کی-سربراہی-میں-ایم-ڈبلیو-وفد-نئے-گورنر-بلوچستان-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org