QR CodeQR Code

عمران حکومت غریب عوام سے زندہ رہنے کا حق بھی چھیننا چاہتی ہے، جماعت اسلامی

17 Jul 2021 19:27

اپنے ایک بیان میں صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ حکومت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول اور مہنگائی کے خاتمے سمیت عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرکے انتخابات میں قوم سے کئے گئے وعدے پورے کرے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے آٹا، گھی، چینی سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہاں گئے پی ٹی آئی قیادت کے عوام کو ریلیف دینے والے وعدے، حکومتی ظالمانہ اقدامت سے لگتا ہے کہ وہ غربت کے خاتمے کے بجائے ملک میں غریب ختم کرو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ اپنے ایک بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ پیٹرول، گیس اور بجلی کے بعد گھی 90 روپے، چینی 17 اور آٹا 7 روپے فی کلو یوٹیلیٹی اسٹور پر مہنگا کرکے حکومت غریب عوام سے زندہ رہنے کا حق بھی چھیننا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب عوام کے نام پر ووٹ لیکر اقتدار میں آنے والے سب سے زیادہ ظلم و ناانصافی اور استحصال کا نشانہ بھی مہنگائی کی بجلی گرا کر غریب عوام کو بنا رہے ہیں، جو کہ حکومتی وعدوں اور دعوؤں کی نفی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوکریاں، گھر، بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی طرح عوام کو ریلیف دینے کا دعویٰ بھی جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی و بیروزگاری کی وجہ سے لوگ سخت پریشان ہیں،  عام آدمی دو وقت کی روٹی کو ترس گیا ہے۔ صوبائی امیر نے زور دیا کہ حکومت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر کنٹرول اور مہنگائی کے خاتمے سمیت عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے سنجیدہ اقدامات کرکے انتخابات میں قوم سے کئے گئے وعدے پورے کرے۔


خبر کا کوڈ: 943936

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/943936/عمران-حکومت-غریب-عوام-سے-زندہ-رہنے-کا-حق-بھی-چھیننا-چاہتی-ہے-جماعت-اسلامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org