QR CodeQR Code

اسرائیل نے گذشتہ 6 ماہ میں 474 فلسطینی عمارتیں منہدم کی ہیں، اقوام متحدہ

17 Jul 2021 23:46

اقوام متحدہ کے دفتر برائے ہم آہنگی انسانی امور (OCHA) نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ اسرائیل نے جاری سال کی ابتداء سے لیکر ابتک مقبوضہ فلسطین میں 474 فلسطینی عمارتوں کو منہدم کیا ہے جنمیں سے 150 عمارتیں انسانی بنیادوں پر تعمیر کی گئی تھیں جبکہ اس صیہونی اقدام کے باعث 359 بچوں سمیت 656 فلسطینی شہری بے گھر ہوئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ نے اپنی تازہ ترین رپورٹ میں مقبوضہ فلسطین میں، فلسطینی باشندوں کے خلاف انجام پانے والے غاصب صیہونی رژیم کے گھناؤنے جرائم سے پردہ اٹھایا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے دفتر برائے ہم آہنگی انسانی امور (‌OCHA) نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ (غاصب) صیہونی رژیم نے مغربی کنارے میں جاری سال کی ابتداء سے لے کر اب تک فلسطینی شہریوں سے متعلق 474 عمارتوں کو منہدم کیا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق اسرائیلی رژیم کی جانب سے مسمار کی گئی ان عمارتوں میں سے 150 گھر انسانی بنیادوں پر فلسطین کی مدد کرنے والے ممالک کی جانب سے تعمیر کئے گئے تھے۔ فلسطینی خبررساں ایجنسی معا کے مطابق اقوام متحدہ کے ذیلی دفتر نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ صیہونی رژیم کی جانب سے فلسطینی عمارتوں کی منظم تخریبکاری کے باعث 359 بچوں سمیت 656 فلسطینی شہری بے گھر ہوئے ہیں۔ اوچا نے اپنی رپورٹ کے آخر میں انکشاف کیا کہ (غاصب) صیہونی فوج نے امسال 14 جولائی کے روز فلسطینی علاقے الاغوار میں 49 فلسطینی گھروں کو بھی ضبط کر لیا تھا جس سے مزید 84 فلسطینی بے گھر ہو گئے۔
 


خبر کا کوڈ: 943991

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/943991/اسرائیل-نے-گذشتہ-6-ماہ-میں-474-فلسطینی-عمارتیں-منہدم-کی-ہیں-اقوام-متحدہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org