0
Saturday 17 Jul 2021 23:51

ابھی جنگ ختم نہیں ہوئی، صیہونی سرغنوں کو فلسطین سے نکال باہر کرکے چھوڑینگے، جہاد اسلامی

ابھی جنگ ختم نہیں ہوئی، صیہونی سرغنوں کو فلسطین سے نکال باہر کرکے چھوڑینگے، جہاد اسلامی
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک الجہاد الاسلامی فی فلسطین کی جانب سے جاری ہونیوالے ایک بیان میں تاکید کی گئی ہے کہ غاصب صیہونی رژیم کیساتھ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی بلکہ جاری ہے۔ جہاد اسلامی کے سیکرٹری سیاسیات محمد الہندی نے اس حوالے سے تاکید کی ہے کہ غاصب صیہونی رژیم کے ساتھ 21 مئی کے معاہدے کے مطابق صرف عارضی جنگ بندی ہوئی ہے، جنگ کا مکمل خاتمہ نہیں ہوا کیونکہ غاصب صیہونی رژیم سیف القدس مزاحمتی آپریشن میں اسے ملنے والی شکست کو ہضم یا قبول کرنے میں دیر لگا رہی ہے۔ فلسطینی خبررساں ایجنسی صفا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیف القدس مزاحمتی آپریشن نے ثابت کر دکھایا ہے کہ میدان جنگ میں فلسطینی قوم متحد ہو جاتی ہے جبکہ غاصب صیہونی رژیم اس کوشش میں ہے کہ مغربی کنارے و قدس شریف پر مسلسل حملوں اور غزہ کے سخت ترین سرحدی محاصرے کے تسلسل کے ذریعے کسی نہ کسی طرح سیاسی میدان میں بالادستی حاصل کر لے۔

محمد الہندی نے تاکید کی کہ اسرائیل کے ساتھ ہماری جنگ ارادوں کی جنگ ہے جبکہ یہ ہماری فلسطینی قوم ہی ہے جس نے شیرون کو بھی غاصب یہودی بستیوں کے خاتمے پر مجبور کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیلی سرغنوں کو مغربی کنارے و قدس شریف اور پھر پورے کے پورے فلسطین سے نکال باہر کر دیں گے۔ جہاد اسلامی کے مرکزی رہنما نے فلسطینی مزاحمتی محاذ کی طاقت کے سامنے اسرائیلی ہوائی دفاعی سسٹمز کی لاچاری کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ واحد مزاحمتی محاذ کی تشکیل کے لئے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں جن میں سب سے زیادہ اہم؛ مزاحمتی محاذ کے 2 ستون ہونے کے ناطے، حماس و جہاد اسلامی کے درمیان وسیع و گہرے تعلقات کا قیام ہے۔ محمد الہندی نے اپنی گفتگو کے دوسرے حصے میں اسرائیل کے ساتھ بعض عرب ممالک کے دوستانہ تعلقات کی شدید مذمت کی اور زور دیتے ہوئے کہا کہ عرب ممالک کا یہ اقدام ہماری قوم کے جہادی عمل اور ہمارے مقدس مقامات پر پیٹھ پیچھے سے وار کے مترادف ہے۔ انہوں نے محمود عباس کی عبوری فلسطینی حکومت کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کئے جانے اور موجود گہرے تعاون کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان اقدامات کا مقصد انتہائی کامیابی کے ساتھ انجام پانے والے سیف القدس مزاحمتی آپریشن کے مثبت نتائج کا خاتمہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 943993
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش