QR CodeQR Code

داسو واقعہ

چینی کمپنی نے پاکستانی ملازمین کو نکالنے کا فیصلہ واپس لے لیا

18 Jul 2021 10:11

واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق داسو واقعے کے بعد سول انتظامیہ، واپڈا اور چینی کمپنی نے باہمی مشاورت سے تعمیراتی کام چند دنوں کے لیے معطل کیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ داسو ڈیم بنانے والی چینی کمپنی نے پاکستانی ملازمین کو نکالنے کا نوٹس واپس لے لیا ہے۔ واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق داسو واقعے کے بعد سول انتظامیہ، واپڈا اور چینی کمپنی نے باہمی مشاورت سے تعمیراتی کام چند دنوں کے لیے معطل کیا تھا، کام بند کرنے کا مقصد حفاظتی اقدامات کو ازسرنو منظم کرنا تھا۔ ترجمان واپڈا کا مزید کہنا تھا کہ بس واقعے کے بعد واپڈا چینی کمپنی کے حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ میں رہا، واپڈا کی کوششوں کا مقصد داسو پراجیکٹ پر تعمیراتی کام کی جلد از جلد بحالی تھا۔ داسو ڈیم بنانے والی چینی کمپنی نے پاکستانی ملازمین کو نکالنے کا نوٹس واپس لے لیا ہے، چینی کمپنی عنقریب داسو پراجیکٹ پر تعمیراتی کام دوبارہ شروع کر دے گی۔ دوسری جانب واقعے کی تحقیقات اور معاملے کے جائزے کے کے لیے چین سے آنے والے وفد نے وزارت خارجہ میں تمام متعلقہ حکام سے ملاقات کی ہے، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ چینی وفد میں چینی وزارت خارجہ و کامرس کے حکام، تکنیکی اور تحقیقاتی ماہرین شامل ہیں، ملاقات کے دوران چینی وفد کو واقعے کے بعد ہونے والی پیش رفت اور زخمیوں کےعلاج سےمتعلق بریف کیاگیا۔ چینی وفد نے زخمیوں سے ملاقات کے لیے سی ایم ایچ راولپنڈی کادورہ بھی کیا۔
 


خبر کا کوڈ: 944029

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/944029/چینی-کمپنی-نے-پاکستانی-ملازمین-کو-نکالنے-کا-فیصلہ-واپس-لے-لیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org