0
Sunday 18 Jul 2021 11:16

عید سے قبل مہنگائی نے عوام سے خوشیاں چھین لی ہیں، جاوید قصوری

عید سے قبل مہنگائی نے عوام سے خوشیاں چھین لی ہیں، جاوید قصوری
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے آٹے کا تھیلا 150، گھی 90 اور چینی 17 روپے فی کلو مہنگا کرنے کی منظوری بے حسی کی انتہاء ہے۔ عید قربان کے آتے ہی ٹماٹر، پیاز، آلو، لہسن، خشک دودھ اور مصالحہ جات عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکے ہیں۔ ایک ہفتے کے دوران 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بڑھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کے بعد سے اب تک تین مرتبہ پٹرول کی قیمتیں بڑھائی گئیں۔ قیمتوں میں جس انداز میں حالیہ دنوں میں پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں ہوشربا اضافہ کیا گیا وہ قابل مذمت ہے۔ عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے۔ لگتا ہے کہ حکمرانوں کو عوام کی مشکلات کا کوئی احساس نہیں اور نئے پاکستان میں مہنگائی کے نئے ریکارڈ قائم ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے عید قربان سے قبل مہنگائی میں اضافہ کرتے ہوئے عوام سے خوشیاں چھین لی ہیں۔ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پٹرول کی قیمت 118.9 روپے فی لٹر تک پہنچ چکی ہے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ حکمرانوں نے عوام کو ریلیف نہ دینے کی قسم اٹھا رکھی ہے، اس لئے اب عوام حکمرانوں سے نجات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کے اثرات قوم کے سامنے آرہے ہیں۔ غربت، مہنگائی، بے روزگاری میں عوام کو درپیش دیگر مسائل دن بدن بڑھتے چلے جا رہے ہیں۔ جماعت اسلامی مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت اور عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف تحریک چلا رہی ہے۔ ہم اس جدوجہد کو عوامی مسائل کے حل تک جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 944038
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش