0
Sunday 18 Jul 2021 18:22

کوئٹہ میں ملی یکجہتی کونسل کے صوبائی اجلاس کا انعقاد

کوئٹہ میں ملی یکجہتی کونسل کے صوبائی اجلاس کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کا صوبائی اجلاس کوئٹہ میں مدرسہ خاتم النبیین (ص) فیصل ٹاؤن میں منعقد ہوا، جس میں ملی یکجہتی کونسل کے صوبائی صدر مولانا عبدالحق ہاشمی، مرکزی جامع مسجد کے امام و تحفظ ختم نبوت کے رہنماء مولانا انوارالحق حقانی، امام جمعہ اور شیعہ علماء کونسل کے رہنماء علامہ جمعہ اسدی، مجلس وحدت مسلمین کے علامہ مقصود علی ڈومکی، اہل سنت والجماعت کے سید حبیب اللہ شاہ چشتی، جمعیت اتحاد العلماء کے ڈاکٹر عطاء الرحمان، جماعت اسلامی کوئٹہ کے حافظ نور علی، اسلامک لا موومینٹ کے سید نورالحق، مجلس وحدت مسلمین کے سید ذوالفقار علی سعیدی، سہیل اکبر خان، تنظیم اسلامی کے اقتدار احمد، تحریک خلافت کے سید شمس الحق، سید خورشید احمد شاہ اور مولانا سید محمد رضا اخلاقی سمیت علمائے کرام نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ قرآن و سنت سے متصادم کوئی قانون قبول نہیں۔ سودی معیشت مسائل کی جڑ ہے۔ تفرقے و انتشار کا خاتمہ، اتحاد و یکجہتی کی فضا سازگار بنانا اور امن کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مدارس و دینی مراکز کو تحویل میں لینے کا حربہ ناکام ہوگا اور لادین سیکولر سازشی عناصر کی سازشیں ناکام ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی حکومت، نفاذ اسلام اور دشمن کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے بلاتفریق جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ معمولی اختلافات کو ہوا دے کر فرقہ بندی اور تعصب و نفرت پھیلانے والے کسی کے خیرخواہ نہیں بلکہ یہ لوگ دشمن کا کام آسان کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈہ کرکے مسالک و مکاتب فکر کے درمیان نفرتیں پھیلانے والوں سے خبردار رہے۔ امت مسلمہ، مذاہب اور مکاتب کے درمیان دوریوں اور نفرتوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

اجلاس میں موجود دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ ہمیں ہر فتنے، تعصب و نفرت اور فرقہ واریت و لسانیت کو روکنے کیلئے مل جل کر مخلصانہ جدوجہد کرنی چاہیئے۔ اسلامی قوانین کے خلاف کسی قانون کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل ظلم، ذلت، خونخواری اور انسانیت کی پامالی کی آخری انتہاء کو پہنچ گیا ہے۔ اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں مسجد الاقصیٰ کی بے حرمتی اور فلسطینیوں کا قتل عام رکوایا جائے۔ پوری دنیا کے مسلم عوام قبلہ اول کی بازیابی، مسجد الاقصیٰ کے تحفظ اور فلسطین کی آزادی کیلئے یک جان اور یک آواز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر، فلسطین، افغانستان، شام، روہنگیا اور یمن کے مسائل عالم اسلام کے اتحاد کے ذریعے ہی حل ہوں گے۔ امریکہ یورپ اور اسلام دشمن صہیونی طاقتیں تو مسلمانوں کو کمزور اور غلام بنا کر ہی رکھنا چاہتی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 944075
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش