QR CodeQR Code

بلوچستان میں کورونا کیسز کی شرح 12 فیصد تک پہنچ گئی ہے، لیاقت شاہوانی

18 Jul 2021 21:23

کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان حکومت بلوچستان کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز بلوچستان میں کورونا کے کیسز کی شرح 12 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ اب لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ڈیلٹاویرئنٹ سے بچاؤ کیلئے ویکسینیشن کروائیں۔


اسلام ٹائمز۔ حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے آفیسرز کلب کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ 10 روز کے دوران بلوچستان میں کورونا وائرس کے کیسز بڑھتے نظر آرہے ہیں۔ جولائی کے دوران کورونا کے کیسز 9.1 فیصد تک بڑھے ہیں۔ گوادر میں کورونا کے 29 فیصد تک کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ کورونا کے فعال کیسز کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ کورونا سے صحتیابی کی شرح بتدریج کم ہو رہی ہے۔ صحتیابی کی شرح 98 سے کم ہو کر 94 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب بلوچستان میں کورونا ویکسینیشن کا عمل تیز کیا گیا ہے اور کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد پر زیادہ توجہ دی جا رہی ہے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان نے کہا کہ گذشتہ روز بلوچستان میں کورونا کے کیسز کی شرح 12 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ اب لوگوں پر ذمہ داری ہے کہ وہ ڈیلٹا ویرئنٹ سے بچاؤ کیلئے ویکسینیشن کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے فیصلہ کیا ہے کہ 31 جولائی تک عوام اپنے آپ کو ویکسین لگوا لیں، بصورت دیگر یکم اگست سے بغیر ویکسینیشن عوام کی دفاتر اور تفریحی مقامات سمیت تمام مقامات پر داخلے پر پابندی ہوگی۔ انھوں نے بتایا کہ گذشتہ عید کی طرح اس بار بھی عید پر میلوں پر تین روز پابندی عائد رہے گی۔ صوبے میں سیلاب کی وجہ سے درپیش معاملات پر ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بارش اور سیلابی صورتحال کے دوران 21 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، 18 افراد زخمی ہوئے جبکہ 18 گھروں کو زیادہ اور باقی کو جزوی نقصان پہنچا۔ سیلاب اور بارش سے متاثرین کیلئے امدادی سامان بھجوا دیا گیا ہے۔ بارشوں اور سیلابی ریلوں سے فصلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔


خبر کا کوڈ: 944105

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/944105/بلوچستان-میں-کورونا-کیسز-کی-شرح-12-فیصد-تک-پہنچ-گئی-ہے-لیاقت-شاہوانی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org