QR CodeQR Code

پسنی، عوامی شکایات کے بعد محکمہ فیشریز کے افسران کیخلاف ایف آئی آر کا حکم

18 Jul 2021 22:13

دورہ پسنی کے موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان نے ماہی گیروں سے انکے مسائل دریافت کئے اور شکایات موصول ہونے پر بھتہ خوری میں ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔


اسلام ٹائمز۔ چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کے دورہ پسنی کے موقع پر عوام الناس کی جانب سے شکایات کی گئیں، جس کے بعد محکمہ فشریز بلوچستان میں کرپشن کے خلاف سخت ایکشن لے لیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق غیر قانونی ٹرالنگ میں ملوث ہونے کی پاداش میں محکمہ فشریز حب کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر نورالدین اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز پسنی گوادر محمد خالد کے خلاف محکمانہ کارروائی کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف ایم این اے لسبیلہ گوادر محمد اسلم بھوتانی کی قومی اسمبلی میں تقریر اور وزیراعظم سے ملاقات میں غیر قانونی ٹرالنگ اور فش ہاربر اتھارٹی کی غیر فعالیت کے حوالے سے شکایت کے بعد وزیراعظم کی ہدایات پر چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا نے رواں ماہ پسنی کا دورہ کرکے ماہی گیروں سے ایک کھلی کچہری میں ان کے مسائل معلوم کیے۔ اس موقع پر ماہی گیروں نے اپنے استحصال اور سمندر کنارے غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف چیف سیکرٹری کے سامنے شکایات کے انبار لگا دیئے۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے ماہی گیروں کو بھتہ خوری میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، جس پر انہوں نے فوری ایکشن لیتے ہوئے حب اور گوادر کے فشریز افسران کے خلاف کارروائی اور ایف آئی آر کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 944113

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/944113/پسنی-عوامی-شکایات-کے-بعد-محکمہ-فیشریز-افسران-کیخلاف-ایف-آئی-آر-کا-حکم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org