QR CodeQR Code

ناجائز منافع خور عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں، مولانا عبدالحق ہاشمی

19 Jul 2021 18:48

اپنے ایک بیان میں امیر جماعت اسلامی بلوچستان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکا ہے۔ عید قربان کے آتے ہی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات، یوٹیلٹی اسٹور میں اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ حکمرانوں کی عوام دشمنی کے سوا کچھ نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ عوام الناس عید قربان پر غرباء و مساکین کو بھی عید کی خوشیوں میں شامل کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عید الاضحیٰ کے تینوں دن صوبے بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرے۔ عید قربان کے آتے ہی حکومت و تاجروں کا اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں بدترین اضافہ کرنا زیادتی ہے۔ حکومت خاموش تماشائی جبکہ ناجائز منافع خور عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے تین سالوں سے تبدیلی کے نام پر قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے۔ مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکا ہے۔ عید قربان کے آتے ہی اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں۔ تین روز کے دوران ایل پی جی کی قیمت میں مسلسل 15 روپے تک اضافہ ہوچکا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات، یوٹیلٹی اسٹور میں اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ حکمرانوں کی عوام دشمنی کے سوا کچھ نہیں۔ عوام بدحال زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ المیہ یہ ہے کہ حکمرانوں نے بے حسی کی چادر اوڑھ رکھی ہے۔ صوبائی دارالحکومت میں بہتر ٹرانسپورٹ ہے اور نہ پینے کا صاف پانی عوام کو دستیاب ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کوئٹہ شہر میں عوام کو بہتر اور جدید ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، شہر میں سٹریٹ لائٹ نہ ہونے کی وجہ سے ڈکیتیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ سولر بلز لگا تو دیئے مگر مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث متعلقہ انتظامیہ کی کارکردگی کھل کر سامنے آگئی ہے۔ عید قربان پر صفائی کے مناسب اور بروقت انتظامات کیے جائیں، تاکہ لوگوں کو جگہ جگہ گندگی کے ڈھیروں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ضلعی انتظامیہ عید پر صفائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنائے۔ آلائشوں کو ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جائیں۔


خبر کا کوڈ: 944242

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/944242/ناجائز-منافع-خور-عوام-کو-دونوں-ہاتھوں-سے-لوٹ-رہے-ہیں-مولانا-عبدالحق-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org