QR CodeQR Code

عراقی مزاحمتی محاذ نے امریکہ کیساتھ براہ راست جنگ کا فیصلہ کر لیا ہے، سعد السعدی

19 Jul 2021 22:27

میڈیا کیساتھ گفتگو میں عراقی مزاحمتی تحریک عصائب اہل الحق کے سیکرٹری سیاسیات نے قابض امریکی فوج کیخلاف اعلان کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ عراقی مزاحمتی محاذ کی کارروائیاں پیشرفتہ مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں جسکے بعد اب ملک میں قابض فورسز کے پاس کوئی پرامن پناگاہ نہیں رہی۔


اسلام ٹائمز۔ عراقی مزاحمتی تحریک النجباء کے سیکرٹری سیاسیات سعد السعدی نے میڈیا کے ساتھ گفتگو کے دوران ملک میں غیر قانونی طور پر قابض امریکی فورسز کے خلاف بھرپور مقابلے پر زور دیا ہے۔ عرب چینل الاباء کے مطابق سعد السعدی نے تاکید کی ہے کہ عراقی مزاحمتی محاذ کی کارروائیاں پیشرفتہ مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں جس کے بعد اب ملک میں قابض فورسز کے پاس کوئی پرامن پناگاہ نہیں رہی۔ رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ عراق میں موجود تمام سکیورٹی، اقتصادی و سیاسی مشکلات امریکہ کی ہاتھوں ہی بنائی گئی ہیں جبکہ مزاحمتی گروہوں نے فیصلہ کر لیا ہے کہ اب وہ امریکی فوج کے خلاف براہ راست میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مزاحمتی فورسز آج بھی امریکہ کے ساتھ جنگ کی حالت میں ہیں جبکہ وزیراعظم مصطفی الکاظمی کو بھی ملکی خودمختاری کے حوالے سے حساس ہونا چاہئے۔

سعد السعدی نے اپنی گفتگو کے آخر میں زور دیتے ہوئے کہا کہ عراقی مزاحمتی محاذ کی جانب سے قابض امریکی فورسز کے فوجی اڈوں پر ہونے والے مزاحمتی حملے اس عہد و پیمان کا حصہ ہیں جو مزاحمتی محاذ نے مسلسل امریکی جرائم اور مزاحمتی کمانڈروں جنرل قاسم سلیمانی و ابومہدی المہندس کی ٹارگٹ کلنگ پر باندھا تھا۔ عصائب اہل الحق کے سیکرٹری سیاسیات نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مزاحمتی محاذ نے سفارتکاری کو بطور کافی موقع دیا ہے تاہم امریکہ نے اس مہلت کو لیت و لعل میں گزار دیا جبکہ عراقی حکومت کو چاہئے کہ وہ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ملک سے امریکی انخلاء کے لئے عالمی برادری سے مدد طلب کرے۔ انہوں نے کہا کہ اب مزاحمتی محاذ کے پاس قابض امریی فورسز کے ساتھ مسلحانہ مقابلے کے علاوہ کوئی رستہ نہیں بچا جبکہ مزاحمتی محاذ، حشد الشعبی کے خلاف ہونے والے کسی بھی حملے کا دندان شکن جواب دینے کو مکمل طور پر تیار ہے۔


خبر کا کوڈ: 944278

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/944278/عراقی-مزاحمتی-محاذ-نے-امریکہ-کیساتھ-براہ-راست-جنگ-کا-فیصلہ-کر-لیا-ہے-سعد-السعدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org