0
Monday 19 Jul 2021 22:27

غزہ کے محاصرے کے خاتمے میں ناکامی پر دوبارہ جنگ چھڑ سکتی ہے، خالد البطش

غزہ کے محاصرے کے خاتمے میں ناکامی پر دوبارہ جنگ چھڑ سکتی ہے، خالد البطش
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک الجہاد الاسلامی فی فلسطین کے مرکزی رہنماء اور فلسطینی مزاحمتی محاذ کے کوآرڈینیٹر خالد البطش نے اپنے ایک خطاب میں تاکید کی ہے کہ فلسطینی قوم غاصب صیہونی محاصرے کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ فلسطینی خبررساں ایجنسی صفا کے مطابق العودہ فلسطینی کیمپ میں منعقد ہونے والی ایک کانفرنس سے خطاب میں خالد البطش کا کہنا تھا کہ ہم ثالث فریقوں کو مہلت دیتے ہیں کہ وہ جلد از جلد غزہ کا صیہونی محاصرہ ختم کروا دیں۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر (غزہ کے محاصرے کے خاتمے کی) یہ کوششیں شکست کھا گئیں تو پھر ہماری قوم کے پاس اپنے حقوق کو واپس لینے کے لئے بھرپور مقابلے اور اپنی پوری قوت کے استعمال کے علاوہ کوئی دوسرا انتخاب نہ بچے گا۔ انہوں نے غاصب صیہونی رژیم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تم جو کچھ اپنی مسلط کردہ جنگ میں ہم سے چھین نہ پائے تھے، اب اپنی بلیک میلنگ و محاصرے کے ذریعے بھی چھین نہ پاؤ گے۔

خالد البطش نے اپنے خطاب کے آخر میں تاکید کی کہ ہماری قوم کے خلاف غاصب صیہونی رژیم کی جنگ ابھی بھی جاری ہے جبکہ جنگبندی میں موثر کردار ادا کرنے والے تمام فریقوں کو چاہئے کہ وہ محاصرہ توڑنے کے لئے فی الفور سرگرم عمل ہو جائیں۔ جہاد اسلامی کے مرکزی رہنما نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ فلسطینی قوم، اسرائیل کو نیا دفاعی توازن ترتیب دینے کی اجازت ہرگز نہ دے گی، کہا کہ فلسطینی قوم کو چاہئے کہ وہ مسجد اقصی کے دفاع کی خاطر اس مقدس مقام کی جانب نکل پڑے۔ واضح رہے کہ غاصب صیہونیوں نے آج ہیکل سلیمانی کے انہدام کی مبینہ سالگرہ کے عنوان سے مسجد اقصی پر دھاوا بول دیا جبکہ اس حوالے سے فلسطین کی وزارت اوقاف کا کہنا ہے کہ آج صبح 7 بجکر 30 منٹ پر تقریبا 500 یہودی آبادکار صیہونی پولیس کی حفاظت میں مسجد اقصی کے اندر داخل ہو گئے درحالیکہ مقامی میڈیا نے ان کی تعداد 900 بتائی ہے۔
خبر کا کوڈ : 944279
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش