0
Tuesday 20 Jul 2021 00:04

افغان سفیر کی بیٹی کا اغواء اور تشدد تشویشناک ہے، تحقیقات کرائی جائیں، ایمل ولی خان

افغان سفیر کی بیٹی کا اغواء اور تشدد تشویشناک ہے، تحقیقات کرائی جائیں، ایمل ولی خان
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی کا اغواء اور ان پر تشدد تشویشناک ہے، واقعہ کی تحقیقات کرائی جائیں۔ یہ واقعہ ملک کی محفوظ ترین جگہ قرار دیئے جانیوالے اسلام آباد میں پیش آیا ہے۔ اس قسم کے واقعات ملکی و بین الاقوامی سطح پر ملک کی بدنامی کا باعث بنیں گے۔ باچا خان مرکز پشاور سے جاری بیان میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ قابل افسوس اور قابل مذمت امر یہ ہے کہ ایک دن گزر جانے کے بعد بھی سرکاری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ یہ واقعہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان اعتماد کے فقدان میں مزید اضافہ کرے گا۔ دارالحکومت میں سیف سٹی کیمرے نصب ہیں، ملزمان کو فوری طور پر عوام کے سامنے لایا جائے، اگر اسلام آباد میں ایک سفیر کے خاندان کے افراد محفوظ نہیں تو دیگر علاقوں کی صورتحال کا اندازہ آسانی کے ساتھ لگایا جاسکتا ہے۔

ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ ایسے حالات میں جب پاکستان دعوے کررہا ہے کہ افغانستان میں امن کیلئے اپنا کردار ادا کرے گا، ایسے واقعات کا سامنے آنا خطرناک نتائج مرتب کرے گا۔ اسلام آباد پولیس، خفیہ ادارے اور وفاقی حکومت فوری طور پر ملزمان کو گرفتار کرکے انکو عدالتوں میں پیش کرے۔ سفیر اور انکے خاندان کے افراد کو سیکیورٹی دینا حکومت کی ذمہ داری ہے، جس میں وہ ناکام ہوچکے ہیں۔ اگر ملزمان طاقتور ہیں تو کوئی بھی سفیر اپنے آپ کو اور خاندان کے افراد کو محفوظ تصور نہیں کرے گا، جو کسی بھی صورت پاکستان کے مفاد میں نہیں۔
خبر کا کوڈ : 944305
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش