0
Tuesday 20 Jul 2021 13:12

وزیراعظم کے فون کی ہیکنگ کا معاملہ متعلقہ فورمز پر اٹھائیں گے، فواد چودھری

وزیراعظم کے فون کی ہیکنگ کا معاملہ متعلقہ فورمز پر اٹھائیں گے، فواد چودھری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کی ٹیلی فون کالز کی ہیکنگ کا معاملہ متعلقہ فورمز پر اٹھایا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے بتایا کہ ہم ہیکنگ کی تفصیلات کا انتظار کر رہے ہیں۔ وزیر اطلاعات سے جب سوال کیا گیا کہ کیا یہ معاملہ بھارت کے ساتھ اٹھایا جائے گا، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ جب تفصیلات موصول ہو جائیں گی تو معاملہ متعلقہ فورمز پر اٹھایا جائے گا۔ قبل ازیں ایک ٹوئٹ میں وفاقی وزیر نے ان رپورٹس پر خدشات کا اظہار کیا تھا کہ بھارتی حکومت نے صحافیوں اور سیاسی مخالفین کی جاسوسی کے لیے اسرائیلی سافٹ ویئر کا استعمال کیا۔ فواد چوہدری نے کہا تھا کہ اس رپورٹ پر انتہائی تشویش ہے، مودی حکومت کی غیر اخلاقی پالیسیوں سے بھارت اور پورا خطہ خطرناک حد تک پولرائز ہوگیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ بھارت ان ممالک میں شامل ہے، جو اسرائیل کی کمپنی کے جاسوسی کے سافٹ ویئر کا استعمال کر رہا تھا، جس کے ذریعے دنیا بھر میں صحافیوں، حکومتی عہدیداران اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے اسمارٹ فونز کی کامیاب نگرانی کی جاتی رہی۔ 17 میڈیا اداروں کی شائع کردہ تحقیقات میں انکشاف سامنے آیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا ایک نمبر بھارت کی فہرست میں شامل تھا۔ واشنگٹن پوسٹ، دی گارجین، لی مونڈے اور دیگر نیوز آؤٹ لیٹس نے ڈیٹا لیک پر تحقیقات میں اشتراک کیا اور اسپائی ویئر "پیگاسس" کے استعمال کے حوالے سے رپورٹ شائع کی۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق بھارت میں زیر نگرانی رہنے والے نمبروں کی تعداد ایک ہزار سے زیادہ ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان سمیت سینکڑوں نمبر پاکستان سے تھے۔
خبر کا کوڈ : 944359
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش