QR CodeQR Code

"سیف القدس" ابھی ختم نہیں ہوا، ہم مسجد اقصی کے دفاع کیلئے تیار ہیں، جہاد اسلامی

20 Jul 2021 22:43

ترجمان فلسطینی مزاحمتی تحریک الجہاد الاسلامی فی فلسطین نے مسجد اقصی پر غاصب یہودی آبادکاروں کے حالیہ حملوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ مزاحمتی محاذ انتہاء پسند یہودی آبادکاروں کیجانب سے مسجد اقصی کو لاحق کے گئے خطرے سے مقابلے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک الجہاد الاسلامی فی فلسطین نے مسجد اقصی پر غاصب یہودی آبادکاروں کے حالیہ حملوں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ "سیف القدس" مزاحمتی آپریشن ہنوز ختم نہیں ہوا اور فلسطینی قوم مسجد اقصی و قدس شریف کے دفاع کے لئے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہے۔ فلسطینی خبررساں ایجنسی صفا کے مطابق جہاد اسلامی فلسطین کے ترجمان نے اپنے بیان میں تاکید کی ہے کہ یوم عرفہ اور ماہ ذی الحجہ کے پہلے عشرے کے ماحول میں غاصب صیہونی رژیم کی جانب سے انتہاء پسند غاصب یہودی آبادکاروں کو مسجد اقصی میں داخلے کی اجازت کا دیا جانا پوری امت مسلمہ کی اہانت اور روئے زمین پر موجود ہر ایک مسلمان کی دل آزاری ہے۔ سلمی طارق نے اپنے بیان کے آخر میں زور دیتے ہوئے کہا کہ غاصب صیہونی رژیم کی اس جانی پہچانی سیاست کا مقصد قدس شریف میں تناؤ کی صورتحال کو برقرار رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صیہونی سامراجی پراجیکٹ ایسا خطرناک و معاندانہ منصوبہ ہے جسے صرف اور صرف طاقت کے بل بوتے پر ہی روکا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ اتوار کے روز 1 ہزار سے زائد غاصب صیہونی آبادکاروں نے صیہونی فوج و پولیس کی حفاظت میں مسجد اقصی پر ہلہ بول دیا تھا جس کے دوران غاصب صیہونی فوج نے مسجد اقصی کے اندر موجود فلسطینی شہریوں کو لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی بارش میں وہاں سے نکال باہر کیا۔


خبر کا کوڈ: 944407

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/944407/سیف-القدس-ابھی-ختم-نہیں-ہوا-ہم-مسجد-اقصی-کے-دفاع-کیلئے-تیار-ہیں-جہاد-اسلامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org