QR CodeQR Code

قربانی دراصل اطاعت الہیٰ کے ذریعے اپنے پروردگار کی خوشنودی کا نام ہے، علامہ ناصر عباس جعفری

21 Jul 2021 19:13

ایک بیان میں ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ قربانی کا عمل کسی دکھاوے یا نمود و نمائش کا نام نہیں، جانوروں کی قربانی معاشی، معاشرتی اور روحانی اعتبار سے اپنے اندر ایک عظیم فلسفہ سمیٹے ہوئے ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری نے عیدالاضحیٰ کے بابرکت موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید ہمارے لئے خوشیوں کے ساتھ ساتھ ایثار و بھائی چارے اور کا پیغام اور تقویٰ اختیار کرنے کا درس بھی لے کر آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام صاحبان استطاعت پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عید کی ان خوشیوں میں اپنے نادار عزیز و اقرباء کو ضرور شامل رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ قربانی کا عمل کسی دکھاوے یا نمود و نمائش کا نام نہیں بلکہ تقوی اور اطاعت الہیٰ کے ذریعے اپنے پروردگار کی خوشنودی حاصل کرنے کا نام ہے، جانوروں کی قربانی معاشی، معاشرتی اور روحانی اعتبار سے اپنے اندر ایک عظیم فلسفہ سمیٹے ہوئے ہے، اس عمل سے تجوریوں میں رکھا گیا پیسہ گردش کرتے ہوئے ناصرف عام آدمی تک پہنچ جاتا ہے بلکہ وہ مساکین و غرباء و گوشت کھانے کی استطاعت نہیں رکھتے وہ بھی اللہ کی نعمتوں سے بھرپور انداز میں مستفید ہوتے ہیں۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ کورونا وباء نے پوری دنیا میں تباہی مچا رکھی ہے، اس مرض سے بچاؤ کا بہترین حل ایس او پیز پر عمل کرنا ہے، عید کے دوران کورونا کے سلسلے میں بتائی گئی احتیاط کو ملحوظ خاطر رکھا جائے، ایس او پیز پر عمل کرکے ہم ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل میں ذمہ دارانہ کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عید ایک مذہبی تہوار اور احتیاط واجب ہے لہذا احتیاط کے دامن کو مضبوطی سے تھام کر عید کی خوشیاں منائی جانی چاہیئے تاکہ کوئی بھی فرد کسی دوسرے کے لئے نقصان کا موجب نہ بنے۔


خبر کا کوڈ: 944500

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/944500/قربانی-دراصل-اطاعت-الہی-کے-ذریعے-اپنے-پروردگار-کی-خوشنودی-کا-نام-ہے-علامہ-ناصر-عباس-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org