0
Wednesday 21 Jul 2021 22:46

خدا تک جانور کا گوشت یا خون نہیں بلکہ تقویٰ اور خلوص پہنچتا ہے، علامہ ساجد نقوی

خدا تک جانور کا گوشت یا خون نہیں بلکہ تقویٰ اور خلوص پہنچتا ہے، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے عید الاضحیٰ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ قربانی دیتے وقت پیغمبران خدا حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی طرف سے اپنے رب کی رضا کی خاطر دی گئی قربانی کے اہداف کو سامنے رکھا جائے اور قربانی کو فقط رسم تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ قربانی جیسے نیک عمل کی روح کو مدّنظر رکھیں کیونکہ ہماری قربانی کے جانور کا گوشت اور خون ہمارے خالق تک نہیں پہنچتے بلکہ ہمارا تقویٰ اور ہمارا اخلاص بارگاہ ایزدی میں قبولیت پاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر قربانی میں اس زمانے کے حالات کے پیش نظر تمام انسانوں کے لئے مختلف اسباق مضمر ہوتے ہیں، یہ اسباق واضح ہوتے ہیں لیکن ان اسباق کو نظر انداز کردیا جاتا ہے۔ یہی معاملہ قربانی اسماعیلؑ جیسے واقعات کے ساتھ ہوا اور ہورہا ہے۔ بالخصوص مسلم معاشروں کا المیہ یہی رہا ہے کہ وہ فروعی معاملات اور رسوم و رواج اور سطحی نوعیت کے اقدامات کو اہمیت دیتے رہے ہیں لیکن قربانیوں کے مقاصد اور ان سے حاصل ہونے والے اسباق کی طرف متوجہ نہیں ہوتے۔

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا کہ حضرت ابراہیمؑ و اسماعیلؑ کی یہ لازوال قربانی انسانیت اور اسلام سے وابستہ لوگوں کے لئے اطاعت و ایثار کا عملی اور حسین نمونہ ہے تاکہ وہ اپنے مفادات، ذاتی خواہشات، غلطیوں، کوتاہیوں اور خطاﺅں کو قربان کرنے کے بعد جانور کی قربانی کریں اور ان کے سامنے یہ نظریہ نہ ہو کہ خدا کے حضور ان کے قربان کردہ جانور کا گوشت پوست اور خون پہنچتا ہے بلکہ صدق و یقین سے یہ بات ان کے مدنظر ہونا چاہیے کہ قربانی تو ایک ذریعہ ہے لیکن اصل میں ان کا ہدف ان کی نیت، ان کا ایثار، خلوص اور جذبہ خدا کے حضور پیش ہوتا ہے لہذا انہیں عید الاضحیٰ مناتے وقت اور قربانی کرتے وقت اس خاص امر کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے۔ علامہ ساجد نقوی نے یہ بات زور دے کر کہی کہ عید الاضحیٰ کے نیک اور بابرکت موقع پر ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم انبیاء کرام، ائمہ اطہارؑ، شہدائے اسلام کی قربانی سے بالخصوص حضرت ابراہیمؑ و اسماعیلؑ کی قربانیوں سے الہام اور سبق لیتے ہوئے عالم اسلام کو درپیش مسائل کے حل کے لئے ایک راہ متعین کریں گے۔ 
خبر کا کوڈ : 944511
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش