0
Friday 23 Jul 2021 15:55

کراچی سمیت سندھ میں 28 ہزار سے زائد کورونا ویکسین ضائع

کراچی سمیت سندھ میں 28 ہزار سے زائد کورونا ویکسین ضائع
اسلام ٹائمز۔ صوبہ سندھ بھر میں کورونا کی مختلف اقسام کی ویکسین کے ضائع ہونے کا انکشاف ہوا ہے، صوبہ بھر میں 28 ہزار 268 سے زائد ویکسین کے ڈوزز ضائع ہو چکے ہیں، جبکہ ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی ڈاکٹر اکرم سلطان ویکسین کے ضائع ہونے سے لاعلم نکلے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک جانب کورونا وائرس کے مثبت آنے کی شرح 23 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے، لوگوں کی جانب سے ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا، ایسے میں محکمہ صحت سندھ میں اب تک کورونا کی مختلف اقسام کی 28 ہزار 268 سے زائد ویکسین کے ڈوزز ضائع کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے۔ محکمہ صحت کی ایک رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ ویکسین اسٹرا زینیکا کے 8 ہزار 653 ڈوز ضائع ہو چکے ہیں، دوسرے نمبر پر سائینو ویک کے 8 ہزار 632 ڈوز، سائینو فارم کے 5 ہزار 892 ڈوزز، پاک ویک کے 3 ہزار 984 ڈوز، کین سائینو ویکسین کے 1 ہزار 95 ڈوزز ضائع ہو چکے ہیں۔ سب سے کم فائزر ویکسین کے 3 اور موڈرنا ویکسین کے اب تک 9 ڈوزز ضائع ہوئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق 80 فیصد سے زائد ویکسین کا ضائع کراچی میں ہوا ہے، جس کی بنیادی ذمہ داری ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی پر عائد ہوتی ہے، تمام ضلعی صحت کے افسران (ڈی ایچ اوز) ڈائریکٹر ہیلتھ کے ماتحت ہیں، جو ویکسین کی ترسیل کے ذمہ دار ہیں۔ ڈائریکٹر ہیلتھ کراچی ڈاکٹر اکرم سلطان نے اس معاملے پر لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ ترجمان محکمہ صحت کے مطابق سندھ میں اب تک 52 لاکھ 13ہزار 95 ویکسین کی خوراکیں لگائیں گئی ہیں، ذرائع کے مطابق ویکسین کے ضائع ہونے کی وجہ درجہ حرارت کا مناسب نہ ہونے، متاثرہ شخص کا ویکسین لگواتے وقت انکار کرنا یا طبیعت بگڑنا یا مراکز سے ویکسین فروخت کرنا شامل ہو سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 944722
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش