QR CodeQR Code

اگر آپ خود انفیکشن پھیلائیں گے تو ملک کو کیا پیغام بھیجا جائیگا، اوم برلا

23 Jul 2021 21:38

لوک سبھا اسپیکر نے اپوزیشن ارکین کو یقین دلایا کہ انہیں ہر معاملے پر بات کرنیکا موقع دیا جائیگا، وہ اپنی اپنی نشستوں پر بیٹھ جائیں۔ تاہم ان کی باتوں کا ممبران پر کوئی اثر نہیں ہوا اور کچھ دیر بعد ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔


اسلام ٹائمز۔ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے آج ایوان میں ہنگامہ آرائی کرنے والے ممبروں سے کووڈ 19 سے متعلق رہنما اصولوں پر عمل کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اگر عوامی نمائندے انفیکشن پھیلائیں گے تو ملک میں منفی پیغام جائے گا۔ وقفہ سوال کے دوران حزب اختلاف کی متعدد جماعتوں کے اراکین ہاتھوں میں پلے کارڈ لئے ہوئے ایوان کے وسط میں نعرے لگا رہے تھے۔ اس پر اوم برلا نے کہا کہ کووڈ انفیکشن اور ویکسین کے اہم معاملوں پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے، پورا ملک جاننا چاہتا ہے کہ ہندوستان میں ویکسین کی کیا صورتحال ہے، میں آپ سے گزارش کروں گا کہ کم سے کم ماسک پہنیں۔ کورونا انفیکشن ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ خود انفیکشن پھیلائیں گے تو ملک میں کیا پیغام جائے گا۔

اس وقت وزیر صحت من سکھ مانڈویا کووڈ 19 سے متعلق ایک ضمنی سوال کا جواب دے رہے تھے۔ اسپیکر نے نعرے بازی کر رہے ممبروں سے کہا کہ آپ عوامی نمائندے ہیں، آپ لوگوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کووڈ کے بارے میں بات چیت کرنے، ویکسینیشن کے بارے میں تبادلہ خیال کرنے کے لئے عوام نے منتخب کیا ہے لیکن آپ بحث نہیں کرنا چاہتے، آپ ماسک کھول کر نعرے بازی کر رہے ہیں۔ پلے کارڈ نکال رہے ہیں، یہ ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے ممبروں سے اپیل کی کہ وہ کووڈ سے متعلق رہنما اصولوں پر عمل کریں۔ انہوں نے اپوزیشن ارکین کو یقین دلایا کہ انہیں ہر معاملے پر بات کرنے کا موقع دیا جائے گا، وہ اپنی اپنی نشستوں پر بیٹھ جائیں۔ تاہم ان کی باتوں کا ممبران پر کوئی اثر نہیں ہوا اور کچھ دیر بعد ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔


خبر کا کوڈ: 944735

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/944735/اگر-آپ-خود-انفیکشن-پھیلائیں-گے-ملک-کو-کیا-پیغام-بھیجا-جائیگا-اوم-برلا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org