0
Friday 23 Jul 2021 23:48

مقبوضہ کشمیر کو حکومت نے بھارت کے حوالے کر دیا ہے، سراج الحق 

مقبوضہ کشمیر کو حکومت نے بھارت کے حوالے کر دیا ہے، سراج الحق 
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہاہے کہ آزادکشمیر میں الیکشن نہیں سلیکشن ہورہی ہے۔ لوگوں کو خریدا جا رہا ہے، ایوانوں کے اندر اور باہر چوکوں، چوراہوں اور جلسوں میں پی ٹی آئی، مسلم لیگ ن، پی پی پی قیادت ایک دوسرے کو گالیاں دینے اور الزامات لگانے میں اس طرح مصروف ہیں کہ ہماری نئی نسل بھی ان پر حیران اور پریشان ہے۔ سابقہ و موجودہ حکمرانوں کی وجہ سے پاکستان میں کرپشن بڑھ رہی ہے ادارے ناکام ہور ہے ہیں۔ اس لیڈر شپ کی وجہ سے ہماری عدالتوں میں انصاف نہیں ہے، تعلیمی اداروں میں غریب کے لیے تعلیم، ہسپتالوں میں علاج کا انتظام نہیں ہے۔ سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے الیکشن ریفارمز پر یک طرفہ طور پر جو قانون سازی کی ہے وہ ناقابل قبول ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ صاف و شفاف انتخابات کے لئے تمام جمہوری قوتیں ضابطہ اخلاق بنا لیں اور آئندہ انتخابات متناسب نمائندگی کی بنیاد پر ہونے چاہئیں، یہی بہترین طریقہ انتخاب ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ حکومت ایک ملبہ بن چکی ہے جو بہانے سے شہادت کا رتبہ چاہتی ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ وقت سے پہلے یہ ملبہ گرے اور وزیراعظم پھر سے عوام کو کہتے پھریں کہ اگر ہمیں مدت پوری کرنے دی جاتی تو میں آسمان سے تارے توڑ کر لے آتا اور دودھ کی نہریں بہادیتا۔ بجٹ پاس ہونے کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے انتہا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے مسلط کردہ مہنگائی کی وجہ سے عوام کا جینا محال ہو چکا ہے۔تبدیلی کا نعرہ اور انتخابی نعرے ہوا میں تحلیل ہو چکے، اچھا ہو کہ یہ حکومت اور بھی ایکسپوز ہو جائے۔ 

سراج الحق نے کہاکہ آزادکشمیر انتخابات میں یہ سب سری نگر کو نہیں بلکہ مظفرآباد کو فتح کرنا چاہتے ہیں، مقبوضہ کشمیر کو حکومت نے بھارت کے حوالے کر دیا ہے۔ پرویزمشرف سے لے کر آج تک سب حکمرانوں نے کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد اور شہدائے کشمیر سے بے وفائی کی ہے۔ سید علی گیلانی، شبیر شاہ، آسیہ اندرانی، یاسین ملک سمیت جماعت اسلامی کے کارکنان اور ہزاروں کشمیری مقبوضہ کشمیر کی جیلوں میں پابند سلاسل ہیں۔ جماعت اسلامی کے علاوہ کسی جماعت کو ان کے حق میں آواز بلند کرنے کی توفیق نہیں ہوئی۔ سراج الحق نے کہاکہ ہم افغانیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے انگریز، روس اور اب امریکہ و نیٹو افواج کو بھی افغانستان میں عبرت ناک شکست سے دوچار کیا ہے۔ اس شکست پر سب سے زیادہ تکلیف بھارت کو ہوئی ہے جو اب افغانستان میں خانہ جنگی جبکہ پاکستان امن چاہتا ہے۔ ہم افغانستان کے عوام اور افغان طالبان سے گزارش کریں گے کہ افغانستان کو پرامن، اسلامی و خوشحال افغانستان بنانے کے لیے متحد ہو جائیں۔ 
 
خبر کا کوڈ : 944789
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش