QR CodeQR Code

صوفیوں اور ریشیوں نے کشمیری زبان و تمدن کو دوام بخشا ہے، فاروق عبداللہ

24 Jul 2021 11:26

نیشنل کانفرنس کے صدر نے کہا کہ ہماری پہچان دنیا میں اُسی صورت میں قائم رہ سکتی ہے جب ہم اپنی تہذیب و تمدن، کلچر خصوصاً اپنی علاقائی زبانوں کو محفوظ رکھیں گے اور اپنے بچوں کو اس سے روشناس کرائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر کی انفرادیت، وحدت اور اجتماعیت قائم و دائم رکھنا ہر ریاست کے ہر پشتینی باشندے کے لئے لازم و ملزوم ہے اور اسی میں ہماری شناخت اور تشخص کا راز مضمر ہے۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس  کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وادی کشمیر کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے پارٹی عہدیداران، کارکنان اور معزز شہریوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری پہچان دنیا میں اُسی صورت میں قائم رہ سکتی ہے جب ہم اپنی تہذیب و تمدن، کلچر خصوصاً اپنی علاقائی زبانوں کو محفوظ رکھیں گے اور اپنے بچوں کو اس سے روشناس کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ علمدار کشمیر، لل عارفہ اور حبہ خاتون جیسے صوفی اور ریشیوں نے کشمیری زبان کو دوام بخشا اور اس کی حفاظت کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت شیخ العالم نے اپنی مادری زبان میں ہی قرآن و حدیث بیان کیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جس قوم نے اپنی زبان اور تمدن کھو دیا وہ صفحہ ہستی سے مٹ گئی۔ انہوں نے کارکنوں اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ جماعت کی مضبوطی اور لوگوں کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا خصوصی درجہ ہر قیمت اور ہر سطح پر بحال ہرنے سے ہی ریاست میں امن و امان، تعمیر و ترقی اور عوامی حکومت قائم ہوسکتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 944841

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/944841/صوفیوں-اور-ریشیوں-نے-کشمیری-زبان-تمدن-کو-دوام-بخشا-ہے-فاروق-عبداللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org