QR CodeQR Code

ایران کیساتھ مشترکہ ڈیم کی تعمیر پر غور کر رہے ہیں، عراق

24 Jul 2021 23:46

عراقی وزارت توانائی کے ترجمان عون ذیاب نے سرکاری خبررساں ایجنسی کیساتھ گفتگو میں اعلان کیا ہے کہ عراقی حکومت نے دریائے اروند پر ایران کیساتھ مشترکہ ڈیم کی تعمیر پر غور شروع کر دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ عراقی وزارت توانائی نے اعلان کیا ہے کہ مستقبل قریب میں ایران کے ساتھ ایک مشترکہ ڈیم کی تعمیر پر سنجیدگی کے ساتھ غور شروع کر دیا گیا ہے۔ عراقی خبررساں ایجنسی واع کے مطابق وزارت توانائی کے ترجمان عون ذیاب نے اپنے ایک انٹرویو میں اعلان کیا ہے کہ ان کی وزارت، ایرانی سرحد پر واقع دریائے اروند پر ایران کے ساتھ مشترکہ ڈیم کی تعمیر پر غور کر رہی ہے۔ واع کے ساتھ گفتگو میں عون ذیاب کا کہنا تھا کہ ایران میں نئی حکومت کی تشکیل کے بعد وہاں کا اہم دورہ کیا جائے گا جس میں دونوں ممالک کے درمیان معطل متعدد امور کی تکمیل سمیت اس پراجیکٹ کے ہر ایک حصے پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی تفصیلی ہم آہنگی کی جائے گی تاکہ آئندہ فیصلوں کے لئے مناسب زمینہ فراہم کیا جا سکے۔

عون ذیاب نے کہا کہ دریائے اروند کا مسئلہ، انتہائی سنجیدگی کا محتاج ہے تاکہ اس مسئلے کو ہر سال ہی نہ دہرایا جاتا رہے اور یہی وجہ ہے کہ اب دونوں ممالک کے درمیان اس دریا پر ایک مشترکہ ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے سنجیدہ مفاہمت موجود ہے۔ عراقی وزارت توانائی کے ترجمان نے کہا کہ یہ منصوبہ اس مسئلے کا ایک بہترین حل ہے جبکہ اگر دونوں ممالک کی جانب سے اس منصوبے پر اس انداز میں عملدرآمد کیا جائے کہ اس میں کشتیرانی کی گنجائش بھی باقی رہے تو اس منصوبے سے نہ صرف دونوں ممالک کی توانائی کی ضرورت کافی حد تک پوری ہو جائے گی بلکہ دریائے اروند کے پانی کی کیفیت کو بھی پورا سال محفوظ رکھا جا سکے گا۔ انہوں نے اپنی گفتگو کے آخر میں تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے، جس پر سال 2018ء سے غور کیا جا رہا ہے، توانائی اور کشتیرانی کے حوالے سے دونوں ممالک کے بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے تاہم اس پر عملدرآمد، دونوں طرف سے سنجیدہ فیصلوں کا محتاج ہے۔


خبر کا کوڈ: 944958

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/944958/ایران-کیساتھ-مشترکہ-ڈیم-کی-تعمیر-پر-غور-کر-رہے-ہیں-عراق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org