0
Sunday 25 Jul 2021 09:47

آزاد کشمیر میں 11 ویں عام انتخابات کیلئے میدان سج گیا

آزاد کشمیر میں 11 ویں عام انتخابات کیلئے میدان سج گیا
اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے سلسلے میں ووٹ ڈالنے کا عمل جاری ہے، پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ مظفر آباد کے پولنگ اسٹیشن گوجر بانڈی میں میڈیا کو پولنگ عمل کی ویڈیو بنانے اور کوریج کرنے سے روک دیا گیا۔ وہاں تعینات پریزائڈنگ افسر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مظفرآباد کے پولنگ اسٹیشن گوجر بانڈی میں میڈیا کو پولنگ کے عمل کی ویڈیو بنانے کی اجازت نہیں ہے۔ پریزائڈنگ افسر کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈی آر او آفس سے ہدایت ہے کہ پولنگ کے عمل کی ویڈیو نہ بنانے دی جائے۔آزاد کشمیر کے 45 حلقوں میں پاکستان تحریکِ انصاف، مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔ آزاد کشمیر کے 45 حلقوں میں اپنے نمائندوں کے انتخاب کے لیے 32 لاکھ سے زائد ووٹر حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ پاکستان بھر میں رہنے والے 4 لاکھ 5 ہزار 253 کشمیری ووٹر بھی آزاد کشمیر اسمبلی کے لیے اپنے من پسند امیدواروں کو ووٹ ڈالیں گے۔ آزاد کشمیر میں موجود کُل 32 لاکھ 20 ہزار 793 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، جبکہ 4 لاکھ 5 ہزار 253 مہاجرین بھی ووٹ دیں گے۔ الیکشن کمیشن کے حکم پر انتخابی عمل کے دوران حساس پولنگ اسٹیشنوں پر فوج تعینات کردی گئی ہے، 40 ہزار پولیس اہلکار بھی الیکشن ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔ مسلم لیگ نواز، پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان تحریکِ انصاف اور تحریکِ لبیک پاکستان کے 33، 33 امیدوار آزاد کشمیر کے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ مسلم کانفرنس کے 32 اور جماعتِ اسلامی کے 28 امیدوار بھی انتخابی میدان میں موجود ہیں۔


گوجرانوالہ میں پولیس نے پولنگ اسٹیشن کے باہر مسلم لیگ نواز کا انتخابی کیمپ اکھاڑ دیا۔ انتخابی کیمپ گوجرانوالہ میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول نمبر 2 کے باہر لگایا گیا تھا۔ گوجرانوالہ پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ انتخابی کیمپ پولنگ اسٹیشن سے 300 میٹر سے کم فاصلے پر لگایا گیا تھا۔ گوجرانوالہ پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ نواز لیگی کارکنان کو 300 میٹر کے فاصلے پر انتخابی کیمپ لگانے کا کہا گیا ہے۔ کراچی میں آزاد کشمیر کے انتخابات کے سلسلے میں 2 نشستوں کے لیے پولنگ جاری ہے، کشمیر وادی ون ایل اے 40 کے لیے شاہ فیصل کالونی میں واقع پولنگ اسٹیشن میں پہلا ووٹ کاسٹ کر دیا گیا۔ کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں واقع گورنمنٹ اسکول میں 2 پولنگ اسٹیشن قائم کیئے گئے ہیں جہاں آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 34 اور ایل اے 40 کے لیے پولنگ ہو رہی ہے۔ اسی طرح کیماڑی کے علاقے میں واقع گورنمنٹ ماڈل اسکول جیکسن بازار میں بھی پولنگ ہو رہی ہے۔ پولنگ اسٹیشن میں عملہ ووٹرز کے اندراج اور ان کی رہنمائی کے لیے موجود ہے، اس پولنگ اسٹیشن میں 150 رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔ کراچی میں تمام پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی سخت ہے، رینجرز اور پولیس کی نفری تعینات ہے۔ شہرِ قائد میں قائم تمام پولنگ اسٹیشنز میں کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عمل بھی کروایا جا رہا ہے۔ 

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ریٹائرڈ) عبدالرشید سلہریا کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے۔ مظفر آباد میں چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس (ریٹائرڈ) عبدالرشید سلہریا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گنڈا پور کو چھوڑو آج اچھی اچھی باتیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کی تیاری میں حکومت کی پوری معاونت حاصل رہی ہے، الیکشن میں ٹرن آؤٹ 56 فیصد سے زیادہ ہو گا۔ چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کا یہ بھی کہنا ہے کہ پریزائیڈنگ افسر سے کہا ہے کہ نتائج کا موقع پر اعلان کریں اور پولنگ ایجنٹ کو نتائج کی کاپی دیں۔ سابق وزرائے اعظم اور سیاسی جماعتوں کے سربراہ آزاد جموں و کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ کی دوڑ میں شامل ہیں۔ آزاد کشمیر کے الیکشن میں مسلم لیگ نواز کے بیرسٹر افتخار علی گیلانی کا مقابلہ خواجہ فاروق سے ہورہا ہے، وزیرِ اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق خان اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے صاحبزادہ اشفاق ظفر مدِمقابل ہیں، جبکہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری اور مسلم لیگ نواز کے امیدوار چوہدری سعید آمنے سامنے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 944997
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش