QR CodeQR Code

آزاد کشمیر الیکشن، لاہور کی دونوں سیٹیں تحریک انصاف لے گئی

25 Jul 2021 21:01

ایل اے 41 ویلی ٹو کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار غلام محی الدین دیوان 3 ہزار 726 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے ہیں۔ ن لیگی امیدوار اکرام بٹ 741 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار شبیر عباس میر نے 166 ووٹ حاصل کئے۔ انتخابات میں جیت کی خوشی میں غلام محی الدین کے ڈیرے پر جشن جاری ہے۔


اسلام ٹائمز۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی انتخابات کا معرکہ۔ لاہور میں دونوں نشستیں تحریک انصاف لے گئی۔ ایل اے 41 ویلی ٹو کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے امیدوار غلام محی الدین دیوان 3 ہزار 726 ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے ہیں۔ ن لیگی امیدوار اکرام بٹ 741 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار شبیر عباس میر نے 166 ووٹ حاصل کئے۔ انتخابات میں جیت کی خوشی میں غلام محی الدین کے ڈیرے پر جشن جاری ہے، آتشبازی کا شاندار مظاہرہ کیا جا رہا ہے جبکہ کارکن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال رہے ہیں۔ رہنمائوں اور کارکنوں نے ایک دوسرے کو مٹھائی بھی کھلائی۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کیلئے ایل اے 34 جموں ون لاہور کے 14پولنگ سٹیشنز کا رزلٹ موصول ہو چکا ہے۔ پی ٹی آئی کے ریاض احمد 1200 ووٹ لیکر آگے ہیں جبکہ ن لیگ کے ناصر حسین ڈار 800 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔  لاہور کے دو حلقوں میں قائم 25 پولنگ سٹیشنز میں ٹرن آئوٹ 50 فیصد رہا۔ مسلم لیگ ن کے ایم پی اے خواجہ سلمان رفیق نے صدر بازار کے پولنگ سٹیشنز کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ خواجہ عمران نذیر نے باغبانپورہ، گڑھی شاہو، مصری شاہ، شاہدرہ، اچھرہ اور گرین ٹائون میں پولنگ عمل کا جائزہ لیا۔ مسلم لیگ ن لاہور کے صدر پرویز ملک اور شائستہ پرویز ملک نے گرین ٹائون سمیت مختلف پولنگ کیمپس کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

ن لیگی رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر نے کینٹ پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا۔ ن لیگ کے امیدوار ناصر ڈار اور ایم این اے کرن ڈار نے شیرانوالہ گیٹ میں ووٹ کاسٹ کیا۔ لیگی ایم پی اے میاں مرغوب احمد اور پولیس کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔ پولیس نے میاں مرغوب احمد کو پولنگ سٹیشن پر جانے سے روک دیا۔ ایل اے 41 ویلی ٹو سے پی پی کے امیدوار شبیر عباس میر نے والٹن میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ انتخابات کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ 6 ڈی ایس پیز، 25 ایس ایچ اوز تعینات تھے جبکہ 12 ایلیٹ، 14 پیرو، 14 ڈولفن فورس کی گاڑیاں گشت پر مامور تھیں۔ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر سی سی پی او اور ڈپٹی کمشنر نے اچھرہ پولنگ سٹیشن کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے گڑھی شاہو، ایس پی اویس شفیق نے نواں کوٹ میں قائم پولنگ سٹیشن کا معائنہ کیا اور پولیس افسران اور جوانوں کو سکیورٹی بارے بریف کیا۔


خبر کا کوڈ: 945057

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/945057/ا-زاد-کشمیر-الیکشن-لاہور-کی-دونوں-سیٹیں-تحریک-انصاف-لے-گئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org