QR CodeQR Code

عراق کو امریکی افواج کی کوئی ضرورت نہیں، مصطفی الکاظمی

25 Jul 2021 23:49

امریکی دورے پر عازم سفر عراقی وزیراعظم نے امریکی میڈیا کیساتھ گفتگو میں تاکید کی ہے کہ داعش کیساتھ مقابلے کیلئے بغداد کو امریکی ایسالٹ فورسز کی کوئی ضرورت نہیں۔


اسلام ٹائمز۔ عراقی وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے امریکی میڈیا کے ساتھ گفتگو میں ایک مرتبہ پھر اعلان کیا ہے کہ عراق کو امریکی فوج کی کوئی ضرورت نہیں۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ کے دورے پر عازم سفر مصطفی الکاظمی نے امریکی خبررساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے تاکید کی ہے کہ داعش کے خلاف جنگ کے لئے بغداد کو امریکی فوج کی کوئی ضرورت نہیں تاہم انہوں نے عراقی سرزمین سے امریکی افواج کے انخلاء کے کسی بھی نظام الأوقات کا اعلان کئے بغیر کہا کہ امریکی افواج کی دوبارہ تعیناتی، امریکی حکام کے ساتھ ان کی گفتگو پر منحصر ہے۔

مصطفی الکاظمی نے عراق میں امریکی فوج کی ذمہ داریوں میں تبدیلی سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بغداد، عسکری تربیت اور فوجی اطلاعات کی جمع آوری کے لئے امریکہ سے تعاون کی درخواست کرے گا۔ عراقی وزیراعظم نے تاکید کی کہ عراقی سکیورٹی فورسز و افواج، امریکی اتحاد کی مدد کے بغیر بھی اپنے ملک کا دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عراق سے غیر ملکی افواج کے انخلاء کا کوئی بھی پروگرام، عراقی سکیورٹی فورسز کی ضرورت پر منحصر ہے جو گذشتہ سال داعش کے خلاف اپنی مستقل کامیابیوں کے دوران اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں۔ انہوں نے اپنی گفتگو کے آخر میں کہا کہ داعش کے خلاف جنگ اور ہماری فورسز کی تیاری، ایک خاص نظام الاوقات کی محتاج ہے جبکہ اس مسئلے کا دارومدار واشنگٹن میں ہونیوالے ہمارے مذاکرات پر ہے!


خبر کا کوڈ: 945083

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/945083/عراق-کو-امریکی-افواج-کی-کوئی-ضرورت-نہیں-مصطفی-الکاظمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org