QR CodeQR Code

پاراچنار، لاپتہ عابد علی شاہ کی بازیابی کیلئے احتجاجی مظاہرہ

26 Jul 2021 00:06

صدائے مظلومین کے رہنماوں مولانا مزمل حسین، شفیق مطہری، سید محمد اور دیگر کا پاراچنار پریس کلب کے باہر ہونیوالے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر لاپتہ افراد کو  فوری بازیاب نہ کرایا گیا تو رواں جمعے کو وہ اسلام آباد اور پاراچنار میں بھرپور احتجاج کرینگے۔


اسلام ٹائمز۔ صدائے مظلومین پاراچنار کے رہنماؤں نے اسلام آباد سے لاپتہ ہونے والے نوجوان سید عابد علی شاہ اور دیگر لاپتہ افراد کی گمشدگی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت سے انہیں فوری طور بازیاب کرانے کا مطالبہ کیا۔ پاراچنار پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے صدائے مظلومین کے رہنماؤں مولانا مزمل حسین، شفیق مطہری، سید محمد اور دیگر نے کہا کہ ضلع کرم سے تعلق رکھنے والے نوجوان سید عابد علی شاہ جو کہ کمسن بھتیجی کو علاج کیلئے اسلام آباد لے گئے تھے کہ اس دوران ہسپتال سے نامعلوم افراد نے انہیں زبردستی اٹھا کر اغواء کرلیا اور ان کی معصوم بھتیجی ہسپتال میں اکیلی رہ گئی اور روتی رہی۔

رہنماؤں نے اس واقعے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ سید عابد علی شاہ انتہائی شریف اور بے ضرر انسان ہے، عابد علی شاہ سمیت دیگر لاپتہ افراد پر اگر کسی قسم کا مقدمہ ہو یا انہوں نے جرم کیا ہو تو انہیں عدالت میں پیش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کے گھر والے شدید ذہنی کوفت میں مبتلا ہیں، لہذا حکومت انہیں فوری طور بازیاب کرائے۔ رہنماؤں نے کہا کہ اگر لاپتہ افراد کو  فوری بازیاب نہ کرایا گیا تو رواں جمعے کو وہ اسلام آباد اور پاراچنار میں بھرپور احتجاج کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 945092

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/945092/پاراچنار-لاپتہ-عابد-علی-شاہ-کی-بازیابی-کیلئے-احتجاجی-مظاہرہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org