QR CodeQR Code

لاہور، حسینیہ اتحاد امت کانفرنس، محرم الحرام میں رواداری کے فروغ پر اتفاق

اتحاد کی قوت سے ہی امن دشمنوں کو شکست دی جا سکتی ہے، علامہ محمد حسین اکبر

26 Jul 2021 18:44

کانفرنس سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ بانیان مجالس اور عزادار مجالس اور جلوسوں کے تمام پروگرامز میں حکومت کے طے شدہ ضابطہ اخلاق اور پیغام پاکستان کے اصولوں کی پابندی کریں اور ایک دوسرے کے جذبات مجروح کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے عقیدے کو مثبت انداز میں پیش کریں، مناظرہ، مشاجرہ اور مطاعن بیان کرنے سے اجتناب کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ ادارہ منہاج الحسینؑ اور تحریک حسینیہ پاکستان کے زیراہتمام جوہر ٹاون لاہور میں ساتویں سالانہ "حسینیہ اتحاد امت کانفرنس" منعقد ہوئی۔ کانفرنس کی صدارت تحریک حسینیہ پاکستان پاکستان کے سربراہ، رکن اسلامی نظریاتی کونسل اور متحدہ علماء بورڈ پنجاب علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے کی، جبکہ کانفرنس میں علامہ سید افتخار حسین نقوی، پیر یاور عباس بخاری، پیر سید سعید الحسن، رانا مقبول احمد سمیت دیگر رہنماوں، علماء و مشائخ اور زعماء، ذاکرین، واعظین، خطباء، بانیان مجالس اور عزاداروں نے شرکت کی۔ مقررین نے اتحاد امت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام سے قبل شرپسند عناصر ایسا ماحول بنانے کی کوشش کرتے ہیں، جس سے امن عامہ کا مسئلہ پیدا ہو اور فرقہ واریت کو ہوا ملے۔ انہوں نے کہا کہ امت کو وحدت و بھائی چارے کا مظاہرہ کرنا ہوگا، اتحاد کی قوت سے ہی امن دشمنوں کو شکست دی جا سکتی ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ یہ کانفرنس قوم و ملت کی وحدت اور استحکام پاکستان کیلئے سنگ میل ثابت ہوگی۔ مقررین نے کہا کہ بانیان مجالس اور عزادار مجالس اور جلوسوں کے تمام پروگرامز میں حکومت کے طے شدہ ضابطہ اخلاق اور پیغام پاکستان کے اصولوں کی پابندی کریں اور ایک دوسرے کے جذبات مجروح کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے عقیدے کو مثبت انداز میں پیش کریں، مناظرہ، مشاجرہ اور مطاعن بیان کرنے سے اجتناب کیا جائے۔ علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کے مقدسات کا احترام کریں، متنازع تقریریں کرنیوالے افراد کو سٹیج سے دور رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چند سالوں سے وطن عزیز کے مختلف علاقوں میں آئمہ معصومین علیہم السلام اور ان کی مادران گرامی علیھم السلام کیخلاف جن گستاخوں نے توہین آمیز اور بازاری زبان استعمال کی ہے، ان میں سے کئی ایک کیخلاف ایف آئی آر کاٹی جا چکی ہیں، کچھ ان میں سے گرفتار ہیں، لیکن ان کو ابھی تک کیفر کردار تک نہیں پہنچایا گیا اور ان کے مقدمات کو آگے بڑھانے میں روایتی سستی یا بددیانتی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کے قومی و صوبائی متعلقہ ذمہ دار اداروں کی سستی کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ محرم الحرام سے پہلے پہلے ان گستاخوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سرزمین اسلامی جمہوریہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی مقدس امانت ہے، لہٰذا کسی بھی قسم کی دہشتگردی اور انتہاء پسندی کیلئے اس کا استعمال جائز نہیں اور ایسے عناصر سے ہم سب اعلان برات کرتے ہیں، جو وطن کے امن کو تباہ کرنے کے درپے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا یہ اجتماع وطن عزیز کی حفاظت پر مامور سکیورٹی اور قومی سلامتی کے اداروں، پولیس اور پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، جن کی قربانیوں اور کاوشوں سے وطن عزیز دہشتگردی سے کافی حد تک محفوظ ہوا ہے، ہم اُن کیساتھ مکمل ہم آھنگی، یکجہتی اور تعاون کا اعلان کرتے ہیں۔

علامہ محمد حسین اکبر نے کہا کہ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی پاکستان کی طرف سے عراق، ایران اور شام کیلئے زیارات کی غرض سے جانیوالے زائرین کیلئے جو زیارات پالیسی پاس کی گئی ہے، اس کی بھرپور تائید کرتے ہیں اور یہ کہ ایچ جی اوز کو بھی یہ بزنس کرنے کی اجازت دینے کے عمل کو خراج تحسین کی نظر سے دیکھتے ہیں، البتہ خدام الزائرین اور خدام ضیوف الرحمن کی طرف سے پیش کیے جانیوالے تحفظات کو دور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری اور اس کے جلوسوں پر ناروا پابندیوں کا سلسلہ بند کیا جائے، عزاداری منانے کا آئین پاکستان کے مطابق تمام مسلمانوں کو بالعموم اور شیعیان پاکستان کو بالخصوص قانونی، آئینی، مذہبی اور انسانی حق حاصل ہے اس کو پائمال نہ کیا جائے۔

گذشتہ سال عزاداروں، بانیان مجالس، خطباء و ذاکرین اور علماء کیخلاف کاٹی جانے والی ناجائز اور ظالمانہ ایف آئی آرز اور شیڈول فورتھ میں ڈالے گئے افراد کے نام محرم الحرام شروع ہونے سے پہلے پہلے واپس لیے جائیں اور اب محرم الحرام شروع ہونے سے پہلے بے گناہ تمام مکاتب فکر کے مسلمانوں کیخلاف بالعموم اور شیعہ مسلمانوں کیخلاف بالخصوص معاندانہ رویہ اپناتے ہوئے سی ٹی ڈی کے اہلکار دھڑا دھڑ شیڈول فورتھ میں نام ڈالنے کی سفارشیں بھیج رہے ہیں، جس کی اب تک کئی مثالیں سامنے آچکی ہیں اور پُرامن ماحول کو برقرار رکھنے اور قائم کرنے کیلئے بانیان مجالس اور خطباء و واعظین کو سکیورٹی مہیا کریں اور اگر چند شرپسند جو لاء اینڈ آرڈر کا مسئلہ پیدا کرتے ہیں تو ان کیخلاف کارروائی کی جائے۔


خبر کا کوڈ: 945132

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/945132/لاہور-حسینیہ-اتحاد-امت-کانفرنس-محرم-الحرام-میں-رواداری-کے-فروغ-پر-اتفاق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org