QR CodeQR Code

عزاداروں کیخلاف مقدمات کا اندراج مذہبی آزادی سے متصادم اور آئینی خلاف ورزی ہے

ماضی میں افغانستان پالیسی سے خیانت کرکے ملک کو نقصان پہنچایا گیا، علامہ ناصر عباس جعفری

یہ مسلم پاکستان ہے، اسے مسلکی ریاست بنانے سے گریز کیا جائے

26 Jul 2021 22:48

کراچی میں علماء، ذاکرین و عمائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم سربراہ نے کہا کہ ترکی و افغانسان میں القاعدہ و دیگر دہشت گردوں کو جمع کرکے منظم انداز سے مشرق وسطی کے حالات خراب کئے جارہے ہیں، پاک افغان بارڈر پر دہشت گرد ایک بار پھر فعالیت پکڑ رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ ملک بھر میں عزاداری اپنے روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ جاری رکھی جائے گی، عزاداران مظلوم کربلا کورونا ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے مجلس و جلوس میں شریک ہوں، عزاداری سید الشہداء کے خلاف کسی پابندی کو برداشت نہیں کریں گے، عزاداروں کے خلاف مقدمات کا اندراج مذہبی آزادی سے متصادم اور آئینی خلاف ورزی ہے، ملک کو مسلکی ریاست نہ بنایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے اسلامک ریسرچ سینٹر میں محرم الحرام کے حوالے سے منعقدہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس میں علامہ نثار قلندری، علامہ باقر عباس زیدی، علامہ صادق جعفری، علامہ علی انور جعفری، علامہ ملک عباس، علامہ گلزار شاہدی، شمس الحسن شمسی، ایس ایم نقی، غفران مجتبیٰ، رضی حیدر زیدی سمیت دیگر علمائے کرام، اسکاوٹس گروپس عہدیداران، ماتمی انجمنوں اور مختلف مساجد و امام بارگاہوں کے ٹرسٹیز سماجی افراد بھی شریک تھے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم سربراہ نے کہا کہ پنجاب حکومت عزاداروں کے خلاف تسلسل کے ساتھ سنگین مقدمات کے اندراج کرکے تعصب کا مظاہرہ کر رہی ہے، آٹھ سال سے چودہ سال کے کم سنوں کو بھی عزاداری کی پاداش میں قید کیا گیا، قانون کے نام پر ایسی لاقانونیت ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی شیعہ سنی مل کر نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا غم منائیں گے، اتحاد و اخوت کا عملی اظہار عالم استکباری قوتوں کے لئے شکست کا پیغام ثابت ہوگا، حکومت ملت تشیع کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے اپنے انتظامات مکمل کرے، خطے میں بدامنی پھیلانے کے لئے مذموم عناصر متحرک ہوچکے ہیں، امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کر ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خطے کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لئے امریکہ گھناؤنا کھیل کھیل رہا ہے، خطے میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر قابو پانے کے لئے پاکستان اور پڑوسی ممالک کے حکمرانوں کو دوراندیشی اور بصیرت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ افغانستان میں ایک مضبوط عوامی حکومت پورے خطے کی ضرورت ہے، افغانستان میں امن کے حقیقی قیام کے لئے حکمرانوں کو اپنی کوششیں تیز کرنا ہوں گی، ماضی میں افغانستان پالیسی سے خیانت کرکے ملک کو نقصان پہنچایا گیا، ترکی و افغانسان میں القاعدہ و دیگر دیشتگردوں کو جمع کرکے منظم انداز سے مشرق وسطی کے حالات خراب کئے جارہے ہیں، پاک افغان بارڈر پر دہشت گرد ایک بار پھر فعالیت پکڑ رہے ہیں، امریکہ و اسرائیل نے مشرق وسطیٰ کی تشکیل نو کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے اپنے مذموم عزائم کا آغاز کردیا ہے، شام و عراق اور یمن سمیت دیگر ممالک میں اپنی ہزیمت کا بدلہ امریکہ ہم سے چکانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں قرآن و سنت کے خلاف نصاب کو متعارف کرا کے اسلام کی توہین کی جارہی ہے، مقتدر اداروں کو اس صورتحال کا سختی سے نوٹس لینا چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 945246

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/945246/ماضی-میں-افغانستان-پالیسی-سے-خیانت-کرکے-ملک-کو-نقصان-پہنچایا-گیا-علامہ-ناصر-عباس-جعفری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org