QR CodeQR Code

طالبان کا شناختی کارڈ برآمدگی کا دعویٰ، نادرا کا ردعمل آگیا

26 Jul 2021 22:54

ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ طالبان کی افغان باشندوں سے پاکستانی شناختی کارڈ برآمدگی کی خبر غلط ہے، یہ کارڈ و دیگر برآمد شدہ دستاویزات لنڈی کوتل تھانے میں موجود ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ افغان طالبان کی جانب سے افغان باشندوں سے پاکستانی شناختی کارڈ برآمدگی کے دعوے پر نادرا کا ردعمل آگیا۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ طالبان کی افغان باشندوں سے پاکستانی شناختی کارڈ برآمدگی کی خبر غلط ہے، یہ کارڈ و دیگر برآمد شدہ دستاویزات لنڈی کوتل تھانے میں موجود ہیں۔ ترجمان کے مطابق پولیس نے متعلقہ افراد کی شناخت کے لیے تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی تھیں، سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی دستاویزات پولیس کے ریکارڈ کا حصہ ہیں۔ ترجمان نادرا کا کہنا ہے کہ ایسی بے بنیاد خبر کو میڈیا میں افغان طالبان کی جانب سے برآمدگی ظاہر کی گئی، ان تصاویر، دستاویزات کی اسپن بولدک، قندھار میں برآمدگی ظاہر کی گئی ایسی بے بنیاد اور من گھرٹ خبر سراسر جھوٹ پر مبنی ہے۔

نادرا کے ترجمان کے مطابق 2007ء سے پہلے شناختی کارڈ کاغذی کارروائی کے لیے بنائے جاتے تھے، اس کے بعد نادرا میں ڈیجیٹل بائیو میٹرک نظام متعارف کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ نئے شناختی کارڈ اسی نظام کے تحت جاری کرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا، پرانے نظام میں بعض غیرملکیوں نے جعلی کاغذات پر شناختی کارڈ حاصل کیے، کاغذی کارروائی کی بنیاد پر بنوائے گئے جعلی کارڈز منسوخ کردیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر افغان طالبان کمانڈر کے پاکستانی شناختی کارڈ کی تصویریں گردش کررہی ہیں، عوام سے التماس ہے کہ ایسی افواہوں کو بنا تصدیق نہ پھیلائیں۔


خبر کا کوڈ: 945250

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/945250/طالبان-کا-شناختی-کارڈ-برا-مدگی-دعوی-نادرا-ردعمل-ا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org