QR CodeQR Code

ملک کا مستقبل اور قوم کی خوشحالی اسلامی نظام کے ساتھ وابستہ ہے، جماعت اسلامی

26 Jul 2021 23:03

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ وفاق میں پی ٹی آئی اور سندھ میں پیپلزپارٹی نے اپنے دعوؤں اور وعدوں کے برعکس عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے اضافہ کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ملک کا مستقبل اور قوم کی خوشحالی اسلامی نظام کے ساتھ وابستہ ہے، جماعت اسلامی ملک کو حقیقی معنیٰ میں اسلام کا گہوارہ بنانے میں کسی بھی قسم کی قربانی سے گریز نہیں کرے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں جماعت اسلامی کی ضلعی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر نائب قیم صوبہ حافظ طاہر مجید، امیر ضلع عقیل احمد خان، صوبائی سیکریٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ محمدحسین محنتی نے کہا کہ جماعت اسلامی دعوتی اور غلبہ دین کی تحریک ہے، بلدیاتی و عام انتخابات میں بھرپور حصہ لیکر قوم کو باصلاحیت اور دیانتدار قیادت کو منتخب کرنے کا موقع دیں گے۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ حکومت مہنگائی کے جن کو قابو اور قیمتوں پر کنٹرول کرنے کے اقدامات کرکے قوم سے کئے گئے وعدے پورے کرے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بیروزگاری اور بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے، بجلی کی لوڈشیڈنگ اوور بلنگ اور دیگر طریقوں سے تنگ کرکے عوام کو ذہنی مریض بنایا جا رہا ہے، مگر پھر بھی وفاقی وزیر سب کچھ ٹھیک اور ملک میں زیرو لوڈشیڈنگ کا بیان دے رہے ہیں، جو کہ ملک و قوم کے ساتھ مذاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق میں پی ٹی آئی اور سندھ میں پیپلزپارٹی نے اپنے دعوؤں اور وعدوں کے برعکس عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے اضافہ کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 945254

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/945254/ملک-کا-مستقبل-اور-قوم-کی-خوشحالی-اسلامی-نظام-کے-ساتھ-وابستہ-ہے-جماعت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org