0
Tuesday 27 Jul 2021 19:05

دشمن ہمیں شیعہ سنی کی بنیاد پر لڑانا چاہتا ہے، وزیر اوقاف پنجاب

دشمن ہمیں شیعہ سنی کی بنیاد پر لڑانا چاہتا ہے، وزیر اوقاف پنجاب
اسلام ٹائمز۔ محرم الحرام کی آمد کے سلسلے میں صوبائی وزیر مذہبی امور پیر سید سعید الحسن شاہ نے مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد بین المسلمین وقت کی ضرورت ہے، دشمن ہمیں شیعہ سنی کی بنیاد پر لڑانا چاہتا ہے۔ پریس کانفرنس میں چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد، مولانا محمد خان لغاری، مولانا حافظ کاظم رضا نقوی، مولانا عبدالوہاب روپڑی، مولانا رمضان سیالوی بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر مذہبی امور پنجاب پیر سعید الحسن شاہ نے کہا کہ پاکستان کو یمن اور شام بنانے سے بچانے کیلئے ضروری ہے کہ شیعہ سنی دیوبندی اور اہلحدیث کے اختلافات کو مطالعہ اور علمی بحث تک محدود کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا میں فرقہ وارانہ بنیادوں پر جاری طوفان بدتمیزی کا تعلق دشمن کی سازشوں اور بیرونی فنڈنگ سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ علماء سے اپیل ہے کہ وہ  اتحاد امت کا درس دیں، علماء منبر و محراب کو فرقہ واریت پھیلانے کیلئے استعمال نہ ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام  میں امن کمیٹیوں کو متحرک کیا جائے گا، محرم الحرام سے پہلے مختلف مکاتب فکر کے علماء پر مشتمل وفود ڈویژنل سطح پر دورے کریں گے، علماء وفود کے دورے امن و امان کے قیام کیلئے اچھی کاوش ہوگی۔ سعید الحسن شاہ شاہ کا کہنا تھا کہ مولانا عبدالخبیر آزاد کی قیادت میں بہاولپور، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں علماء دورے کریں گے، مولانا رمضان سیالوی کی قیادت میں گوجرانوالہ اور راولپنڈی کی ڈویژن کے دورے کئے جائیں گے جبکہ مولانا اسحاق ساقی کی قیادت میں فیصل آباد اور سرگودھا ڈویژن کے دورے کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ علماء امن برقرار رکھنے کیلئے اتحاد بین المسلمین کی فضا قائم کرنے میں کردار ادا کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 945343
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش