0
Tuesday 27 Jul 2021 13:46

غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، میاں ذکر اللہ مجاہد

غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، میاں ذکر اللہ مجاہد
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ شدید گرمی اور حبس میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔ دن رات غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے کاروبار، صنعت اور گھریلو زندگی شدید متاثر ہوچکی ہے۔ شہری پانی جیسی بنیادی ضرورت سے بھی محروم اور سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔ حکومت مہنگی بجلی سمیت بے تحاشہ ٹیکسوں کی وصولیوں کے باوجود شہریوں کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی میں ناکام ہوچکی ہے۔ مختلف حیلے بہانوں سے بجلی کی آئے روز طویل بندش جیسی صورتحال نے لیسکو کے ترسیلی نظام اور انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دارالحکومت میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔

میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ کرونا وباء اور لاک ڈاون کے باعث پہلے ہی کاروبار تباہ ہوچکے ہیں جبکہ رہی سہی کسر غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ نے پوری کر دی ہے۔ پانی کی قلت اور کاروبار متاثر ہونے کی وجہ سے لوگوں میں عدم برداشت کی فضا بڑھ رہی ہے۔ لوگ نفسیاتی مسائل کا شکار ہو رہے ہیں، جو کہ تشویشناک امر ہے۔ امیر لاہور نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فی الفور ختم کی جائے اور شہریوں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ حکومت بجلی چوری کرنے والے بڑے چوروں کو بھی پکڑے۔ اگر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند نہ ہوا تو جماعت اسلامی لاہور شہریوں کا تنہا نہیں چھوڑے گی اور متاثرہ علاقوں میں احتجاج کرنے پر مجبور ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 945372
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش