0
Tuesday 27 Jul 2021 13:43

کراچی میں کورونا وبا، شام میں غیر ضروری گھر سے باہر نکلنے پر پابندی عائد

کراچی میں کورونا وبا، شام میں غیر ضروری گھر سے باہر نکلنے پر پابندی عائد
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ مشتاق مہر اور کمشنر کراچی نوید شیخ کو ہدایت کی ہے کہ کراچی میں شام 6 بجے کے بعد شہریوں کے غیر ضروری گھر سے باہر نکلنے پر مکمل پابندی لگائیں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے آئی جی پولیس اور کمشنر کراچی کو یہ ہدایت کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں دی گئی۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کراچی میں سندھ کے وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ کی صدارت میں کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزراء ناصر حسین شاہ، جام اکرام اللہ خان دھاریجو، مرتضیٰ وہاب، قاسم سومرو، آئی جی سندھ ، کمشنر کراچی اور دیگر افسران شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت دی کہ مجھے پتہ چلا ہے کہ کراچی میں ٹیوشن سینٹرز چل رہے ہیں، شہر میں تمام ٹیوشن سینٹرز کو فوری بند کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سخت پریشانی کی بات ہے کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں کورونا وائرس بڑھ رہا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ناصر شاہ، مرتضیٰ وہاب، اویس شاہ پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی، جسے ہدایت کی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے ملاقات کرکے تازہ صورتِ حال سے آگاہ کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کمیٹی سیاسی جماعتوں سے بھی بات کرے گی، کورونا وائرس کی صورتِ حال پر کوئی سیاست نہیں ہونی چاہیئے۔ سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ میں دوبارہ جمعے کے دن کورونا وائرس کی صورتِ حال کا جائزہ لوں گا، اگر صورتِ حال بہتر نہ ہوئی تو مزید اقدامات کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 945373
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش