QR CodeQR Code

پسنی میں پانی اور بجلی ناپید، شہریوں کا احتجاج، قومی شاہراہ بند

27 Jul 2021 15:36

گذشتہ 48 گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے جبکہ 20 دنوں سے پانی کی فراہمی روک دی گئی ہے۔ شہریوں نے انتظامیہ کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے مکران کوسٹل ہائی وے کو پسنی زیرو پوائنٹ کے مقام پر بلاک کر دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شدید گرمی کے موسم میں بجلی اور پانی کی عدم دستیابی پر پسنی کے عوام نے احتجاج کرتے ہوئے قومی شاہراہ بند کر دی ہے، جس کی وجہ سے تربت، گوادر اور کراچی جانے والے راستے بند ہوگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پسنی میں گذشتہ 48 گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے جبکہ 20 دنوں سے پانی کی فراہمی روک دی گئی ہے۔ شہریوں نے انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مکران کوسٹل ہائی وے کو پسنی زیرو پوائنٹ کے مقام پر بلاک کر دیا ہے، جس کی وجہ سے مذکورہ شہروں کی طرف جانے والے راستے بند ہیں۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ عدالت ایکشن لیتے ہوئے عوام کو بنیادی حقوق فراہم کرے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ حکومت بلوچستان صوبے کے حوالے سے دعوے تو بہت بڑے کرتی ہے، مگر گوادر اور قریبی اضلاع کے عوام بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جانب سے بجلی اور پانی کے بلز ادا کئے جاتے ہیں، اس کے باوجود حکومت سہولیات فراہم نہیں کر رہی۔ دوسری جانب قومی شاہراہ کی بندش کی وجہ سے چاروں اطراف مسافر گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی لمبی قطار  لگ گئی ہے۔ مسافروں کو بھی احتجاج کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا ہے۔


خبر کا کوڈ: 945390

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/945390/پسنی-میں-پانی-اور-بجلی-ناپید-شہریوں-کا-احتجاج-قومی-شاہراہ-بند

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org