0
Tuesday 27 Jul 2021 22:29

کشمیر کی نئی پود کو اپنی عظیم وراثت سے سبق لینا چاہیئے، رام ناتھ کووند

کشمیر کی نئی پود کو اپنی عظیم وراثت سے سبق لینا چاہیئے، رام ناتھ کووند
اسلام ٹائمز۔ صدر جمہوریہ ہند رام ناتھ کووند نے کشمیر کو بھارت کے لئے امید کی ایک کرن قرار دیتے ہوئے یہاں کی نئی نسل کو اپنی عظیم وراثت سے سبق حاصل کرنے کی تاکید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے ثقافتی و روحانی اثرات پورے ملک پر مرتسم ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں زمانہ قدیم سے ہی مختلف مذہبوں کے لوگ مل جل کر رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے یہاں کی اس غیر معمولی مذہبی رواداری کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی۔

صدر جمہوریہ ہند نے یہ باتیں منگل کو یہاں کشمیر یونیورسٹی کے 19ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد سے اپنے خطاب کے دوران کہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں کشمیر کی نئی نسل سے تاکید کرتا ہوں کہ وہ اپنی عظیم وراثت سے سیکھیں، انہیں یہ معلوم ہونا چاہیئے کہ کشمیر ہمیشہ باقی ملک کے لئے امید کی ایک کرن رہا ہے اور کشمیر کے ثقافتی و روحانی اثرات باقی ملک پر مرتسم ہوئے ہیں۔ رام ناتھ کووند نے کہا کہ غیروں نے کشمیر پر مسلط ہونے کی کوشش کی جس کو ہم ایک عارضی وائرس ہی قرار دے سکتے ہیں جو جسم پر حملہ آور ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں اب نئی شروعات ہوئی ہے تاکہ اس کی شان رفتہ کو بحال کیا جا سکے۔

رام ناتھ کووند نے کہا کہ میں نے کشمیر کو جنت بروئے زمین دیکھنے کا خواب دیکھا ہے جس کے شرمندہ تعبیر ہونے کا انحصار خاص طور پر نوجوانوں اور خواتین پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرا یہ خواب دیر سویر ضرور شرمندہ تعبیر ہوگا۔ کشمیر کے قدرتی حسن کی تعریفوں میں انہوں نے کہا کہ کشمیر کو شاعروں نے جنت بروئے زمین کہا ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ کشمیر کی خوبصورتی کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ہمیشہ سے تعلیم و تعلم کا مرکز رہا ہے اور ملک کے فلسفے کی کشمیر کا حوالہ دئیے بغیر تاریخ تحریر کرنا نا ممکن ہے۔
خبر کا کوڈ : 945439
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش